Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دیدیا

اسلام آباد.. اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میںاسحاق ڈار کو اشتہاری ملزم قرار دے دیا۔ عدالت نے ضامن کو3 دن میں 50 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا بھی حکم دیا ہے ۔ قبل ازیں اسحاق ڈار کے وکیل نے نئی میڈیکل رپورٹ جمع کر اتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ اسحاق ڈار کی ایم آر آئی کا انتظار تھا۔ ان کے سینے میں تکلیف ہے۔ ابھی مزید ٹیسٹ ہونے ہیں ۔نیب نے میڈیکل رپورٹس کی تصدیق بھی نہیں کرائی۔ اسپیشل پراسیکوٹر نیب نے کہا کہ اسحاق ڈار کو دل کی کوئی تکلیف نہیں۔ ان ہر میڈیکل رپورٹ دوسری رپورٹ سے مختلف ہے۔ انہوں نے اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے کی استدعا کی۔ اسحاق ڈار کے وکیل نے اس کی مخالفت کی اور کہا کہ لاہورمیں جس رہائش پر تعمیل کرائی وہاں اسحاق ڈار 2 سال سے نہیں رہ رہے۔میڈٰیکل رپورٹ پر اسحاق ڈار کا ایڈریس لندن کا لکھا ہوا ہے۔ اگر عدالت جانتی ہے کہ ملزم کہاں پر ہے تو کیسے کہہ سکتے وہ روپوش ہوگیا۔ اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار نہیں دیا جاسکتا۔نیب پراسیکیوٹرنے کہا کہ عدالت نے یہ دیکھنا ہے کہ ملزم کو عدالتی کارروائی کا علم ہے یا نہیں۔ ملزم عدالتی کارروائی سے مکمل طور پرآگاہ ہے۔اس لئے اشتہار کی تعمیل لندن میں کرانے کی ضرورت نہیں۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

شیئر: