Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

" حساب المواطن" 21دسمبر 2017ءسے موثر، 37لاکھ خاندانوں کا اندراج

 ریاض.... وزیر محنت و سماجی فروغ علی الغفیص نے اعلان کیا ہے کہ اقتصادی اصلاحات کے منفی اثرات سے مقامی شہریوں کو بچانے کیلئے "حساب المواطن"(سٹیزن اکاﺅنٹ) 21دسمبر 2017ءسے موثر ہو گا۔ انہوں نے منگل کو حساب المواطن پروگرام کی پالیسیوں کی تفصیلات بیان کرنے کیلئے منعقدہ پریس کانفرنس کوبتایا کہ حساب المواطن کی بدولت مقامی شہری اقتصادی اصلاحات کے منفی اثرات سے محفوظ رہیں گے۔ بجلی اور پٹرول پر سبسڈی ختم ہونے والے نقصان کا تدارک حساب المواطن میں زرتلافی میں جمع کرنے سے ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 37لاکھ سے زیادہ سعودی خاندان حساب المواطن میں اندراج کرا چکے ہیں۔ 90لاکھ سے زیادہ اہل خانہ بھی شامل ہیں۔ الغفیص نے بتایا کہ یہ پروگرام ترتیب دیتے وقت اس بات کا خصوصی خیال رکھا گیا ہے کہ اقتصادی اصلاحات سے زیادہ متاثر ہونے والے خاندانوں کے مسائل بہتر شکل میں حل ہوں گے۔ مملکت کے تمام علاقوں میں مفصل جائزوں کی مدد سے حساب المواطن ترتیب دیا گیا۔ خاندانوں کے اقتصادی حالات میں آنے والی تبدیلی پر زرتلافی میں کمی بیشی ہوتی رہے گی۔زر تلافی کی رقم خاندان کے افراد کی تعداد فیملی ممبران کی عمر اور آمدنی کی بنیاد پر متعین کی گئی ہے۔ مقامی شہریوں نے سرکاری اداروں کے مقابلے میں زیادہ دقیق تفصیلات دی ہیں۔ اس کی بدولت پٹرول ، بجلی اور ویلیو ایڈڈ ٹیکس سے متاثرہ غذائی اشیاءپر آنے والی اضافی لاگت کا تدارک ہو گا۔ حساب المواطن پروگرام کے ڈائریکٹر جنرل انجینیئر علی راجحی نے بتایا کہ سوشل انشورنس یا بے روزگاری الاﺅنس وغیرہ کا حساب المواطن پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسے شہری جن کی عمریں 24برس سے زیادہ ہوں اور وہ اپنے ماں باپ کے ساتھ رہ رہے ہوں۔ وہ اپنا اندراج مستقل بنیادوں پر کرا سکتے ہیں۔ ان سے علیحدہ رہائش کا کوئی ثبوت نہیں مانگا جائیگا۔ اسی طرح 18برس سے زیادہ اور 24برس سے کم عمر کے ایسے شہری جو خود مختار زندگی گزارنے لگیں وہ بھی اندراج کراسکیں گے البتہ ان سے آزاد رہائش کا ثبوت طلب کیا جائے گا۔ الراجحی نے یہ بھی بتایا کہ زرتلافی میں کمی کی بابت مقامی شہریوں کی شکایات سنی جائیں گی۔ اس کا باقاعدہ انتظام کیا گیا ہے۔ کس کو زر تلافی کتنا ملے گا ا سکا اعلان 21دسمبر کو ہو گا۔ زرتلافی ہر عیسوی مہینے کی 10تاریخ کو حساب المواطن میں جمع کردیا جایا کرے گا۔ پہلی قسط 21دسمبر کو جمع ہو گی، اگلی قسط 10جنوری 2018ءاور پھر ہر ماہ کی 10تاریخ کو زرتلافی کی رقم جمع ہو گی۔ 

شیئر: