Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں خواتین کو تمام اقسام کی وہیکلز چلانے کا اختیار ہوگا، ٹریفک پولیس

    جدہ - - - -  - ڈائریکٹریٹ جنرل ٹریفک کا کہنا ہے کہ مملکت میں خواتین کو تمام اقسام کی وہیکل چلانے کی اجازت ہو گی ۔ ادارہ ٹریفک پولیس کی جانب سے خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دیئے جانے کے بارے میں پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دی گئی ہے جس کا باقاعدہ آغاز رمضان المبارک کے بعد کیا جائے گا ۔ ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعد خواتین کو تمام حقوق حاصل ہو نگے جس طرح مردوں کو ہیں ۔ خواتین اگرچاہیں تو موٹر سائیکل بھی چلا سکتی ہیں جبکہ ان پر ہیوی وہیکل چلانے کی بھی ممانعت نہیں ہو گی ۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ جو قوانین مردوں کیلئے ہیں وہی خواتین ڈرائیوروں کیلئے ہو نگے اس حوالے سے کوئی استثناء نہیں  ۔ خواتین ٹریفک پولیس کے حوالے سے سوال پر ادارے کا کہنا تھا کہ اس کا امکا ن ہے کہ چیک پوائنٹس پر لیڈی ٹریفک پولیس اہلکاروں کو متعین کیاجائے ۔ خواتین ڈرائیوروں کو پریشان کئے جانے کے حوالے سے محکمہ کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ اس بارے میں جامع حکمت عملی مرتب کی جائے گی اور سخت قوانین تشکیل دیئے جائیں گے جو شخص بھی خواتین ڈرائیوروں کو ہراساں کرے گا اسے سزا کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ وہ خواتین جو خلیجی ریاستوں کا ڈرائیونگ لائسنس رکھتی ہیں قانون کی شق 6/42 کے مطابق انہیں اس بات کی اجازت ہو گی کہ وہ اس لائسنس کو دکھا کر سعودی لائسنس حاصل کر لیں ۔ خلیجی ممالک کے علاوہ دیگر ممالک کا ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والی خواتین کیلئے محکمہ ٹریفک پولیس کے قانون کی شق 37 کے مطابق کارآمد  ڈرائیونگ لائسنس  بین الاقوامی ہے اور وہ مملکت میں سسٹم سے مطابقت رکھتا ہے تو انہیں ٹریفک کے ادارے میں امتحان دینے کی ضرورت نہیں ہو گی وہ اس لائسنس پر مقامی ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکتی ہیں ۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی مرتکب ہونے والی خواتین ڈرائیوروں کیلئے مقررہ قواعد کے مطابق مخصوص لاک اپ بنایا جائے گا جہاں خواتین اہلکارہو نگی ۔ اس حوالے سے وزارت داخلہ سے تعاون جاری ہے تاکہ جامع انداز میں قانون سازی مکمل کی جاسکے ۔   ڈرائیونگ لائسنس کیلئے عمر کی حد کے سوال پر ادارے کا کہنا تھا کہ جو حد مردوں کیلئے لاگو ہے وہی خواتین پر بھی ہو گی ۔ عارضی لائسنس جو ایک برس کا ہوتا ہے جسے عرف عام میں لرننگ لائسنس کہا جاتا ہے اس کیلئے عمر کی حد 17 برس جبکہ عام لائسنس کیلئے کم از کم عمر 18 برس ہونا لازمی ہے ۔     ٹریفک پولیس کی جانب سے خواتین کی گاڑیوں کیلئے جدا نمبر پلیٹوں کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ نمبر پلیٹوں میں کوئی فرق نہیں ہوگا ۔ واضح رہے گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر اس طرح کی وڈیودکھائی جاری تھی جس میں کہا گیا تھا کہ خواتین کی گاڑیوں کیلئے جدا نمبرپلیٹیں تیار کی جارہی ہیں ۔ دکھائی جانے والی نمبر پلیٹوں کی ایک جانب سیا ہ پٹی بنی ہوئی تھی ۔
 

شیئر: