حیدرآباد - - - - - -وزیربلدیات و شہری ترقی کے ٹی راماراؤ نے اعلان کیا کہ حیدرآباد میں تعمیر کئے جانے والے ڈبل بیڈروم مکانات میں سے 3فیصد معذورین کو دیئے جائیں گے۔انکے اس اعلان پر معذورین نے مسرت کا اظہار کیا۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی ) کی جانب سے حیدرآباد میں ایک لاکھ ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں۔ وزیر موصوف نے کہا کہ معذور افراد کو گرائونڈ فلور والے3 فیصد مکانات الاٹ کئے جائیں گے۔ وزیرموصوف نے نلگنڈہ چوراہا پر اپنی نوعیت کے پہلے نیشنل پا رک کا بھی افتتاح کیا۔ بنگالورو کی ایک کمپنی جس نے معذور ملازمین کا تقرر کیا ہے ‘شہر میں اس پارک کی تعمیر کیلئے آگے آئی ہے ۔ کمپنی نے پارک کے 5تا10ایکڑ اراضی دینے کی خواہش کی تھی جسے منظوری دیدی گئی۔ وزیرموصوف نے کہا کہ جلد ہی کاموں کا آغاز کیا جائیگا۔وزیرموصوف نے کہا کہ معذور افراد اور بچوں کیلئے پارکس ریاست کے بلدیات میں تعمیر کئے جائیں گے۔انہوں نے ان اقدامات کیلئے پرائیویٹ پارٹنرشپ پر زور دیا اور کہا کہ اہم کامیابی مل سکتی ہے ۔ نلگنڈہ چوراہا کی 1.03ایکڑ اراضی پر کچرہ ڈالا جاتا تھا تاہم معذورین اور بچوں کے لئے جی ایچ ایم سی نے یہاں پر پارک کی تعمیر عمل میں لائی ۔