Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بانی پاکستان ملک میں اسلامی نظام کے خواہاں تھے، ڈاکٹر وسیم اختر

 کرپشن نے معاشرے کو کھوکھلا کردیا، ملکی مسائل کا حل آئین پر من و عن عمل کرنے میں ہے، نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب 
ریاض (جاوید اقبال) رکن پنجاب اسمبلی اور نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ بانی پاکستان محمد علی جناح نے قیام پاکستان سے قبل 102 مرتبہ اور حصول آزادی کے بعد 14 مرتبہ مختلف اوقات پر اپنے خطابات اور بیانات میں واضح کیا تھا کہ تشکیل پاکستان کا مقصد برصغیر کے مسلمانوں کو اسلامی طرز حیات کی فراہمی تھا۔ وہ ایک مقامی مطعم میں الخدمت فاﺅنڈیشن پاکستان کے صدر برائے سعودی عرب انجینیئر سید جلیل حسن اور مجلس پاکستان ریاض کے صدر انجینیئر رانا عبدالرﺅف کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشایئے میں عمائدین شہر کی بڑی تعداد سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 1973 میں متفقہ طور پر منظور کئے گئے آئین کی شق 2A میں یہ واضح طور پر تحریر ہے کہ پاکستان میں حاکمیت صرف اللہ تعالیٰ کی ہوگی اور قرآن و سنت سے رہنمائی حاصل کی جائے گی۔ پارلیمان میں منتخب ارکان کی اکثریت مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اترتی۔ انہوں نے کہاکہ روس کا اشتراکی نظام پاش پاش ہوچکا، چینی کمیونزم بھی ازکار رفتہ ہوگیا اور یورپ کا سرمایہ دارانہ نظام بھی اب اسلامی نظام کے تحت چلنے والی بلا سودی بینکاری کی طرف مائل ہورہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی حکام کو نظام اسلام کے اجراءپر توجہ مرکوز کرنی چاہیئے۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا کہ وطن عزیز کے معاشرتی ڈھانچے کو کرپشن نے کھوکھلا کردیا ہے اور وقت کے ساتھ خطرات میں اضافہ ہورہا ہے کیونکہ اکلوتی اسلامی جوہری طاقت کا وجود چند ایک اسلام دشمن طاقتوں کو گوارا نہیں ہے۔ 1.6 ارب مسلمان اگر اسلامی طرز حیات سے دور ہوگئے تو بدنیت لوگ عالم اسلام پر مسلط ہوجائیں گے۔ بعد میں حاضرین کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے وسیم اختر نے واضح کیا کہ پاکستان میں انتخابات کے بنیادی ڈھانچے میں تبدیلی لائے بغیر کسی بہتری کی توقع نہیں رکھی جاسکتی۔ انہوں نے اس بات پر اظہار افسوس کیا کہ جاگیردارانہ نظام جمہوریت کیلئے نقصان دہ ثابت ہورہا ہے۔ تقریب کے ناظم حافظ عبدالوحید فتح محمد نے تلاوت قرآن پاک کی۔ تنویر میاں نے وقار نسیم وامق کی لکھی نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کی۔ چھوٹی بچی حمنانے بھی نعت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پیش کرکے داد حاصل کی۔

شیئر: