کراچی... جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ سندھ حکومت وقت ضائع کئے بغیر گھنٹوں میں کراچی میں احتجاج پر بیٹھے قبائلی عوام کے مطالبات کو پورا کرے۔ کیاراوانوار ریاست سے طاقت ور ہیں جو کسی کے کنٹرول میں نہیں ؟ جے یو آئی کے رہنما قاری عثمان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راو انوار نے ریاست کے اندر ریاست قائم کر رکھی ہے۔ شہید نقیب للہ محسود اور دیگر بے گناہ افراد کے سفاکانہ قتل پر پورا پاکستان فکر مند اور دکھی ہے۔ایک ظالم اور اسکی ٹیم کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے سے ہی عوام مطمئن ہوسکے گی۔ اگر اسکی پشت پناہی کی گئی تو احتجاج پر بیٹھے قبائلی عوام صرف کراچی ہی میں نہیں پورے ملک میں احتجاج کو پھیلا نے پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ راو انوار کی گرفتاری میں تاخیر سندھ حکومت کی اچھی شہرت نہیں بلکہ شکوک شبہات میں اضافہ ہورہا ہے۔پولیس مقابلوں سے دہشت گردی ختم نہیں ہوسکتی۔ قانون کی گرفت اور حکمرانی سے دہشت گردی کو ختم کیا جاسکتا ہے۔