Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ مکرمہ : زائرین کی سلامتی کےلئے "جبل النور اور الثور " پر ترقیاتی منصوبوں کا آغاز

مکہ مکرمہ .... ڈپٹی گورنر شہزادہ عبداللہ بن بندر نے "جبل النور" اور" جبل الثور" کے منصوبے کا جائزہ لیا ۔ مشہور و معروف پہاڑوں کے ترقیاتی کام مرحلہ وار کئے جائیں گے ۔ پہلے مرحلے کا آغاز امسال ہو گا ۔ سبق نیوز کے مطابق علاقائی ترقیاتی امور کی کمیٹی اور قومی کمیٹی برائے سیاحت و تاریخی ورثہ کے تعاون سے جبل النور اور جبل الثور پر ترقیاتی منصوبے شروع کئے جائیں گے ۔کمیٹی کے ارکان نے ڈپٹی گورنر کو معروف تاریخی پہاڑوں پر کئے جانے والے ترقیاتی کاموں کے بارے میں مفصل طور پر مطلع کیا ۔ جبل النور اور الثور پرکئے جانے والے ترقیاتی امور کا مقصد وہاں آنے والے زائرین کی حفاظت اور سلامتی کو مقدم رکھا گیا ہے تاکہ مختلف ممالک سے آنے والے زائرین کسی مشکل میں مبتلا نہ ہوں ۔ زائرین کی رہنمائی اور اسلامی عقائد کی درستگی کےلئے وہاں دینی اسکالز کی خدمات بھی مہیا کی جائیں گی ۔ ڈپٹی گورنر کو مکہ مکرمہ کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا جس کے احکامات ایوان شاہی سے صادر کئے گئے تھے ۔ ترقیاتی امور مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں انجام دیئے جائیں گے تاکہ زائرین ، عازمین حج اور معتمرین کو اسلامی تاریخی مقامات کے بارے میں درست اور اہم معلومات حاصل ہو ں اور انکے عقائد بھی درست ہو ں۔ سبق نیوز کا کہنا ہے کہ معروف تاریخی پہاڑ جبل النور اور جبل الثور کے حوالے سے مختلف ممالک سے آنے والے زائرین دینی معلومات نہ ہو نے کے باعث بدعتوں کا شکار ہو جاتے ہیں ۔ اس حوالے سے سبق نیوز نے متعدد بار اس جانب توجہ مبذول کروانے کےلئے مضامین شائع کئے تھے جن میں زائرین کوغیر اسلامی کام کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا ۔ جبل النور کی اونچائی تقریبا 1800 فٹ کے قریب ہے جس پر چڑھنے کےلئے باقاعدہ سیڑھیاں نہیں ہیں ۔ بعض مقامات پر لوگوں نے راستے کو نسبتا ہموار کرکے وہاں اینٹوں کے ذریعے معمولی سیڑھیا ں بنائی ہوئی ہیں ۔ راستہ غیر ہموار ہونے کی وجہ سے معمر افراد کےلئے اسے طے کرنا انتہائی دشوارہو تا ہے ۔

شیئر: