Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام کا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں ، وزیر اعظم ویٹیکن سٹی

    ویٹیکن سٹی- - - - - ریاست ویٹیکن کے وزیراعظم کارڈینل پیٹرو پیرولین سے ان کے دفتر میں رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے ملاقات کی ہے۔پیٹرو پیرولین نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے رابطہ عالم اسلامی کی اسلامی برادریوں کے لیے خدمات کو سراہا ۔ انھوں نے محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کی گزشتہ سال ستمبر میں پاپائے روم پوپ فرانسیس سے ملاقات کی اہمیت کا ذکر کیا۔ اس ملاقات میں انھوں نے انتہا پسند گروپوں سے لاحق خطرات سے نمٹنے کے لئے اسلام اور عیسائیت کے درمیان مکالمے کی ضرورت پر زوردیا تھا ۔انھوں نے ویٹی کن اور رابطہ عالم اسلامی کے درمیان مثبت تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے ان کے درمیان مفید مکالمے کی ضرورت پر زوردیا جو ان کے بقول اس اصول پر مبنی ہونا چاہیے کہ رائے اور عقیدے کو مسلط نہیں کیا جانا چاہیے اور اختلافات کا احترام کیا جانا چاہیے۔ویٹی کن کے وزیراعظم نے ماضی کے تجربات سے سیکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دوسروں کو قبول کرنے اور ان کے اختلافات کے احترام سے مسائل کے حل میں مدد ملتی ہے۔انھوں نے کہاکہ ماضی میں مذاہب کا مختلف جغرافیائی علاقوں اور معاشروں سے تعلق ہوتا تھا لیکن آج جغرافیائی سرحدیں مٹ چکی ہیں اور دنیا ایک چھوٹے گاؤں کے مانند بن چکی ہے۔ اس میں اگر مکالمہ نہیں کیا جاتا تو انتہا پسندی اور دہشت گردی کی راہ ہموار ہوتی ہے۔اس موقع پر رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل نے ان سے گفتگو میں  کہا کہ انتہا پسندی سے نمٹنا  مذہبی قیادت کی ذمہ داری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ رابطہ عالم اسلامی مکالمے کی اقدار کاپاسدار ہے اور ویٹیکن نیز پوپ فرانسیس کے ساتھ ابلاغ میں دلچسپی رکھتی ہے کیونکہ پاپائے روم نے اسلام کے بارے میں واضح اور دوٹوک موقف اختیار کررکھا ہے کہ اس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔
 

شیئر: