Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت: ڈیپ فریزر سے فلپائنی خادمہ کی لاش برآمد

 موت گلا گھونٹنے سے واقع ہوئی ، وہ ایک سال سے لاپتہ تھی اور ایک لبنانی جوڑے کے پاس کام کرتی تھی
کویت: کویت کے تفتیشی اداروں نے کہا ہے کہ السالمیہ محلے میں واقع اپارٹمنٹ سے ملنے والی نعش فلپائنی خادمہ کی ہے جس کا نام جوانا ڈانیلا ہے۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ اس کی موت گلا گھونٹنے سے واقع ہوئی ہے۔ وہ ایک سال سے لاپتہ تھی۔ خادمہ کویت میں مقیم ایک لبنانی جوڑے کے پاس کام کرتی تھی جو عدالت سے مفرور ہے اور کئی مالی مقدمات میں مطلوب ہے۔
مزید پڑھیں: تمام ہم وطن کویت سے واپس آجائیں، فلپائنی صدر
 تفتیشی اداروں نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فلپائنی سفارتخانے کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔ انٹر پول کے ذریعہ لبنان فرار ہونے والے جوڑے کو گرفتار کرکے کویت لانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ دوسری طرف فلپائنی خبر رساں ادارے نے کہا ہے کہ متوفی خادمہ کی عمر 29سال ہے اور وہ 18مئی 2014ءکو کویت پہنچی تھی۔ ان کی ایک دوست نے بتایا کہ متوفیہ سے ان کی آخری ملاقات ستمبر2016ءمیں ہوئی تھی۔ ملاقات کے دوران متوفیہ نے بتایا کہ وہ جس جوڑے کے پاس کام کر رہی ہے وہ اس کے ساتھ اچھا معاملہ نہیں کرتے اور تنخواہ نہیں دیتے۔ 
مزید پڑھیں: کویتی وزارت داخلہ کی ویب سائٹ ہیک ہوگئی
واضح رہے کہ سالمیہ محلے میں واقع ایک اپارٹمنٹ کے مالک نے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے کہا کہ اپارٹمنٹ کے کرایہ دار نے ایک سال سے کرایہ نہیں دیا اور وہ اپارٹمنٹ مالک کے حوالے سے کئے بغیر ملک چھوڑ کر جاچکا ہے۔ عدالت نے حکم صادر کیا کہ عدالتی ٹیم اپارٹمنٹ خالی کرواکے مالک کے حوالے کردے۔ فیصلہ نافذ کرنے والی ٹیم نے جب اپارٹمنٹ کو کھولا تو تلاشی لی تو معلوم ہوا کہ ڈیپ فریزر میں ایک عورت کی لاش منجمد ہے۔ بعدازاں معلوم ہوا کہ وہ فلپائنی خادمہ ہے جو ایک سال سے لا پتہ ہے۔ 
 

شیئر: