Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈومیسٹک کے کامیاب کرکٹرز سلیکشن کمیٹی کیلئے مسئلہ ہیں، انضمام الحق

 
اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اور سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کرکٹرز سلیکشن کمیٹی کیلئے مسائل پیدا کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مردہ وکٹوں پر رنز کے انبار لگانے والے یہ بیٹسمین ہوم گراونڈز پر تو ہیرو بن جاتے ہیں لیکن غیر ملکی دوروں میں ٹرننگ اور باونسی وکٹوں پر ان کےلئے ٹھہرنا مشکل ہو تا ہے ۔ بدقسمتی سے یہ بہت پرانا مسئلہ ہے اور اس کے حل پر کبھی توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے  ٹیم آسٹریلیا، نیوزی لینڈ ، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ میں ناکامی کا شکار ہوتی ہے۔ چیف سلیکٹر نے مزید کہا کہ ہم ایک ہی شہر میں بڑا ٹورنامنٹ منعقد کرتے ہیں اور سیدھی و بے جان وکٹ پر کھلاڑی رنز کے ڈھیر لگانے لگتے ہیں جب تک مختلف قسم کی وکٹوں پر تسلسل سے اچھی کارکردگی نہ دکھائی جائے کسی کی حقیقی صلاحیت کو نہیں جانچا جا سکتا۔ اس سوال پر کہ ہمارے ہاں ہر جگہ ایسی ہی وکٹیں بنتی ہیں تو انضمام کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہونا چاہئے اور کسی ایک شہر کی سازگار پچز پر ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے انعقاد کا بھی کوئی جواز نہیں۔ راولپنڈی میں کھیلے جانے والے حالیہ ریجنل ٹورنامنٹ میں بیٹسمینوں کی دھواں دار کارکردگی پر انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں کارکردگی دکھانے والوں کی صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں تاہم یہ حقیقت ہے کہ ہماری ڈومیسٹک پچز پر بیٹسمینوں کی صلاحیتوں کو پرکھنا بڑا مشکل ہے۔ ان پچوں پر جہاں گیند گھٹنے سے اوپر نہیں آتی اور نہ ہی سوئنگ ہوتی ہو بیٹسمینوں کی کارکردگی کو معیاری قرار نہیں دیا جاسکتا ۔

شیئر: