راجہ ظفر الحق کمیٹی کی رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش
اسلام آباد..حکومت نے راجہ ظفر الحق کمیٹی کی رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش کردی۔جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے فیض آباد دھرنا اورالیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیم سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ عدالتی حکم کے باوجود ختم نبوت کے معاملے پر رپورٹ پیش نہ کئے جانے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ کل تک کی مہلت دی جائے۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس د ئیے کہ رپورٹ پیش نہ ہونے پر وزیر اعظم کو بھی طلب کریں گے۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ وزیراعظم کا رپورٹ سے تعلق نہیں۔ جسٹس شوکت عزیز نے ریمارکس د ئیے کہ وزیراعظم ملک کے چیف ایگزیکٹو ہیں،کیسے اس رپورٹ سے تعلق نہیں۔ ختم نبوت کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔دوپہر ایک بجے تک رپورٹ جمع کرا دیں ورنہ وزیراعظم کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کریں گے۔ وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہونے پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے راجہ ظفر الحق کمیٹی کی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی۔