پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے قطر پر اسرائیل کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
منگل کو وزیراعظم نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’عوام اور حکومت کی جانب سے، اور اپنی ذاتی حیثیت میں، میں دوحہ میں اسرائیلی افواج کی جانب سے رہائشی علاقے پر غیر قانونی اور سنگین بمباری کی شدید مذمت کرتا ہوں‘
انہوں نے کہا کہ ’اس حملے سے بے گناہ شہریوں کی جانیں خطرے میں ڈال دی گئیں۔ اس مشکل وقت میں ہماری گہری ہمدردیاں اور یکجہتی امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، قطری شاہی خاندان اور قطر کے عوام کے ساتھ ہیں۔‘
مزید پڑھیں
-
اسرائیل کا قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس کے رہنماؤں پر حملہNode ID: 894401
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’اسرائیل کی یہ جارحیت سراسر بلاجواز ہے، قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے، اور ایک نہایت خطرناک اشتعال انگیزی ہے جو علاقائی امن و استحکام کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان ریاستِ قطر کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے، اور فلسطینی عوام کے ساتھ اسرائیلی جارحیت کے خلاف یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔‘
دوسری طرف اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ ‘اس نے منگل کو قطر کے دارالحکومت میں ایک فضائی حملے کے دوران حماس کے رہنماؤں کو نشانہ بنایا ہے۔‘
On behalf of the people and Government of Pakistan as well as on my own behalf, I strongly condemn the unlawful and heinous bombing in Doha by Israeli forces, targeting a residential area, and endangering the lives of innocent civilians. Our deepest sympathies and solidarity are…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) September 9, 2025
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق قطر نے فلسطین کی مسلح تنظیم کے رہنماؤں کی رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کی ہے۔
قطر، جو غزہ میں جنگ بندی کی کوششوں میں ایک اہم ثالث رہا ہے، کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں دوحہ میں حماس کے سیاسی بیورو سے وابستہ ارکان کی رہائش گاہوں کو نشانہ بنایا گیا، یہیں فلسطین کے عسکریت پسند گروپ کی سینیئر قیادت بھی مقیم ہے۔