Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیف جسٹس میٹرو منصوبے میں کرپشن کا نوٹس لیں،عمران

  اسلام آباد... تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہاکہ شریف خاندان کے خلاف بیان دینے کے بعد فیصل سبحان غائب ہے۔ہمیں خدشہ ہے اسے اغوا کیا گیا ہے۔ فیصل سبحان نے چینی ریگولیٹری اتھارٹی کے سامنے اعتراف کیا تھا کہ چینی کمپنی نے ملتان میٹرو سے پیسہ بنایا۔ جو کک بیک ملتی تھیں وہ شریف خاندان کے پاس جاتی تھی۔ آف شور کمپنیوں کے اکاونٹس میں پیسے جاتے تھے۔ یہ کیس ہم نے نہیں چینی ریگولیٹری اتھارٹی نے پکڑا ہے۔ اس اعتراف کے بعد معلوم نہیں کہ فیصل سبحان کہاں ہے۔ امکان ہے کہ شریف برادران کے خلاف بیان دینے پر غائب کیا گیا۔ چیف جسٹس اس معاملے کا از خود نوٹس لیں۔ ایسا توکسی بنانا ری پبلک میں ہوتا ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا ٹبر الگ الگ مال بنا رہا ہے ۔پہلے بڑا ڈان پانامہ پیپرز کیس میں پکڑا گیا اور اب چھوٹا ڈان پکڑا گیا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ ملتان میٹرو منصوبہ کم قیمت میں مکمل ہوا تھا۔اس کے پیسے شریف خاندان کو گئے۔ اب یہ سوچیں کہ لاہور کے اورنج ٹرین منصوبے کا کتنا پیسہ شریف خاندان کو گیا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اورنج ٹرین کا معاہدہ خفیہ کیوں ہے ۔کیوں میٹرو معاہدے سامنے نہیں لا رہے۔ یہ سب اس لئے ہے کہ کک بیکس لئے گئے اور پیسہ باہر گیا۔ انہوں نے کہا کہ 14 ارب روپے کی کرپش کے الزام میں نیب کے ہاتھوں گرفتار احد چیمہ کے لئے بیوروکریٹس کھڑے ہو گئے۔ یہ اس لئے کھڑے ہوئے کیونکہ یہ تمام لوگ وزیراعلیٰ پنجاب کے فرنٹ مین ہیں ۔ کیا یہ ملک اسی طرح لوٹا جائے گا جبکہ حال یہ ہے کہ پینے کا صاف پانی میسر نہیں۔ اقوام کی متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں گندا پانی پینے سے سب سے زیادہ بچے مرتے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں خیبرپختونخوا میں مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے اتحاد کا علم نہیں ۔مفروضوں پر بات نہیں کروں گا ۔معاملے میں مکمل معلومات حاصل کرکے ہی موقف دیں گے۔
مزید پڑھیں:شہباز شریف کا بھی پانامہ اسکینڈل سامنے آگیا،عمران
 

شیئر: