Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جامعہ اسلامیہ کا عالمی میلہ ختم ،" یہ ہے میرا وطن " مقابلے میں پاکستان پھر بازی لے گیا

70 سے زائد ممالک کے طلباءنے مقابلے میں شرکت کی ، پاکستانی ثقافت کا اسٹال مرکز نگاہ بنا رہا ، پاکستانی وفد کے سربراہ وقار سندھی کی اردونیوز سے گفتگو
 جدہ ( ارسلان ہاشمی) جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ میں 8 روزہ عالمی میلے میں پاکستان دوبارہ بازی لے گیا ۔ 70سے زائد ممالک میں پہلی پوزیشن پاکستان نے حاصل کی ۔تفصیلات کے مطابق مدینہ منورہ کی جامعہ اسلامیہ میں ہر برس کی طرح امسال بھی 8 روزہ عالمی میلے کا انعقاد کیا گیا جس میں 70 سے زائد ممالک کے طلباءنے اپنے اپنے ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے اسٹال لگائے تھے ۔ پاکستان کی نمائندگی وقار سندھی اور انکے ساتھیوں نے کی جنہو ںنے پاکستان کی تہذیب و ثقافت کو نمایاں کرتے ہوئے اسٹال پر پاکستانی روایتی مصنوعات رکھی جنہیں شرکاءنے بے حد سراہا ۔ وقار سندھی نے اردونیوز سے ٹیلی فون پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ میلے کے آخری روز منعقد ہونے والا مقابلہ انتہائی سخت تھا ۔ مقابلے کا عنوان " یہ ہے میراوطن" رکھا گیا تھا جس میں شرکاءکو اپنے ملک کی تہذیب و ثقافت کومجسم انداز میں اجاگر کرنا تھا ۔ہم نے پاکستانی اسٹال پر چاروں صوبوں کی ثقافت کو اس طرح اجاگر کیا تھا کہ وہاں آنے والے داد دیئے بغیر نہ رہ سکے ۔ میلے کے آغاز میں بھی پاکستان نے پہلی پوزیشن حاصل کی تھی جبکہ اختتامی مقابلے میں بھی ہمیں پہلی پوزیشن ملی ۔ ہم مدینہ منورہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے شکر گزار ہیں کہ انہو ںنے ہمارے ساتھ تعاون کیا ساتھ ہی ہم ڈپٹی قونصل جنرل شائق بھٹو کا بھی خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہو ں نے اپنی مصروفیت سے وقت نکالا اور میلے میں شرکت کی جس سے ہمارے حوصلے بھی بلند ہوئے ۔ وقار کا کہناتھا کہ آئندہ برس بھی ہم اسی طرح محنت اور لگن سے کام کرتے ہوئے پاکستان کا یہ اعزاز برقرار رکھنے کی بھرپور کوشش کریں گے ۔

شیئر: