نیب سیاستدانوں کو ذلیل کرنے کیلئے ہے، فضل الرحمان
رحیم یار خان...جے یو آئی(ایف) کے مرکزی امیر و سربراہ متحدہ مجلس عمل مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ نیب ایک انتقامی ادارہ ہے جو سیاست دانوں کو ذلیل کرنے کے لئے بنایا گیا ۔ اس کا بڑا کام حکومتی پارٹی کے خلاف انتقامی کارروائیاں کرنا ہے تاکہ آنے والے انتخابات میںاس پارٹی کو سیاسی نقصان پہنچایا جا سکے۔ رحیم یار خان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے حالیہ انتخابات میں جس طرح سینیٹ میں اکثریت حاصل کی گئی ۔ اس سے پاکستان میں جمہوریت کمزور ہوئی ہے۔ بند کمروں کی سیاست کرنے والوں کو چاہیئے کہ وہ اپنے مقاصد حاصل کرنے کی بجائے ملک اور جمہوریت کو مضبوط بنائیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں کو بھی چاہیئے کہ وہ اپنے مفاد کی بجائے ملکی مفاد کو ترجیح بنائیں تاکہ نادیدہ قوتیں انہیں استعمال نہ کر سکیں۔ انہوںنے بلوچستان کے آزاد سینٹرز اور چند ایم پی ایز کی جانب سے نئی سیاسی جماعت پر رد عمل میں کہا کہ اس طرح کی جماعتیں ہمیشہ پانی کا بلبلہ ہوتی ہیں اور نادیدہ قوتیں انہیں صرف اپنے مقاصد کے لئے استعمال کرتی ہیں۔ پاکستانی سیاست میں اس طرح کی کئی مثالیں موجود ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں کوئی ایک سیاسی جماعت واضح اکثریت حاصل کرتی دکھائی نہیں دے رہی۔ 2018ءمیں بظاہر ایک مخلوط حکومت بنتی نظر آرہی ہے لیکن اس کے باوجودآئندہ عام انتخابات ہر حال میں بروقت ہونے چاہئیںتاکہ جمہوریت کی پٹری ڈی ریل نہ ہو سکے۔