Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

السیسی سے جنرل زبیر کی ملاقات ، فوجی تعاون پر گفتگو

قاہرہ...چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے اور مصر کے صدر السیسی سے ملاقات کی اس دوران باہمی اسٹرٹیجک اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔جنرل زبیر محمود حیات نے مصری وزیر داخلہ اور مسلح افواج کے کمانڈرز سے بھی ملاقاتیں کیں۔ باہمی مفادات اور خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔مصری ایوان صدر کے ترجمان بسام راضی نے بتایا کہ جنرل زبیر محمود حیات سے ملاقات کے دوران صدر السیسی نے پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا اور علاقائی تنازعات کے حل میں ہم آہنگی پیدا کرنے اور ایک دوسرے سے صلاح مشورہ کرنے کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا ۔ انسداد دہشت گردی کے لیے مل کر کوششیں کرنے پر بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماوں نے اتفاق کیا کہ دہشت گردی پاکستان اور مصر دونوں کا مشترکہ چیلنج ہے۔ملاقات میں دو طرفہ فوجی تعاون کے فروغ، مشرق وسطیٰ اور عالم اسلام کے سلگتے مسائل پربھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ جنرل زبیر محمود حیات اور صدر السیسی نے دہشت گردی کے خلاف مل کر لڑنے، علاقائی اور عالمی امن وسلامتی کے لیے مشترکہ مساعی جاری رکھنے اور دہشت گرد گروپوں کی مالی معاونت روکنے پر اتفاق کیا ۔ایوان صدر کے ترجمان کے مطابق پاکستانی فوج کے سینیر عہدیدار سے ملاقات میں صدر السیسی نے دہشت گردوں کی جانب سے اسلام کی غلط تعبیر پیش کرنے کے جواب میں اسلام کی درست اور حقیقی تعبیر پیش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اپنے مذموم عزائم کے لئے اسلامی تعلیمات کا سہارا لیتے ہیں اور اسلام کے نام پر سیاسی مقاصد اور اہداف حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
مزیدپڑھیں:ناصر جنجوعہ سے امریکی نائب وزیر خارجہ کی ملاقات

شیئر: