Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت کے مختلف شہروں میں گردو غبار کا طوفان ، نظام زندگی متاثرغبار

ریاض.... مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور ریاض سمیت مملکت کے دیگر شہروں میں جمعہ کو گردو غبار کا شدید طوفان جاری رہا۔ بعض علاقوں میں حد نگاہ انتہائی متاثر رہی۔ وزارت صحت نے تمام اسپتالوں کو ہنگامی حالت نافذ کرنے کی ہدایت جاری کردی۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق مختلف شہرو ںمیں غیر یقینی موسم ہفتے کو بھی جاری رہیگا۔تفصیلات کے مطابق مملکت کے شمالی علاقوں میں گردو غبار کے طوفان کا آغاز ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے شمالی حدود ریجن، حفر الباطن، رفحاءاور الجوف کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ گردو غبار کے طوفان کا رخ بعدازاں ریاض اور مشرقی ریجن سمیت کویت تک جاپہنچا۔ جدہ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت ساحلی علاقوں میں بھی جمعہ کو گردو غبار کا موسم چھایا رہا۔جدہ اور مکہ مکرمہ میں جمعرات اور درمیانی شب سے موسم گرد آلود ہونا شروع ہوگیا تھا۔ ریاض میں اردونیوز کے نمائندے کے این واصف کے مطابق جمعہ کی شام 5بجے کے بعد گردو غبار کا طوفان شروع ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے پورے شہر میں پھیل گیا۔ اسکی وجہ سے حد نگا ہ انتہائی متاثر ہوئی۔ جمعہ کو چھٹی کے باوجود شہر کی ٹریفک انتہائی حد تک کم ہوگئی۔ ریاض میں کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ گردو غبار کے طوفان کی وجہ سے پروازوں کی آمد و رفت متاثر نہیں ہوئی۔ دن بھر حد نگاہ ایک ہزا رمیٹر سے زیادہ رہی جس کی وجہ سے پروازوں کا سلسلہ متاثر نہیں ہوا۔ ریاض میں جمعہ کو ظہر کے بعد گردو غبار کا طوفان شروع ہوا جس کی وجہ سے حد نگاہ انتہائی متاثر ہوئی۔ ریاض میں محکمہ شہری دفاع کے ترجمان نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے شہریوں و مقیم غیر ملکیوں کو خبردار کیا ہے کہ ریاض شہر سمیت المجمعہ ، شقراءاور الخرج میں غبار کی وجہ سے حد نگاہ انتہائی کم ہے۔ محکمہ شہری دفاع نے ہائی وے کا سفر کرنے والے ڈرائیوروں کو انتباہ جاری کیا کہ وہ اپنا سفر موخر کریں۔ ادھر وزارت صحت نے ریاض ، حفر الباطن ، شمالی حدود ریجن اور مدینہ منورہ میں تمام اسپتالو ںکو ہنگامی حالت نافذ کرنے کی ہدایت جاری کی۔ سرکاری اسپتالوں میں سانس کے شعبے کو ہائی الرٹ کیا گیا۔ مدینہ منورہ میں بھی جمعہ کو صبح سے موسم گرد آلود رہا۔ مدینہ منورہ کے رہائشیوں اور زائرین نے گردو غبار کے طوفان میں جمعہ کی نماز ادا کی۔اطلاعات کے مطابق گردو غبار کے طوفان کی سب سے زیادہ شدت حفر الباطن میں دیکھی گئی جہاں حد نگاہ 100میٹر تک رہی۔ محکمہ ٹریفک نے حد نگاہ متاثر ہونے کی وجہ سے ٹریفک روک دیا۔ امن عامہ نے ہنگامی حالت کا اعلان کردیا۔ حفر الباطن ایئرپورٹ نے متعدد پروازیں منسوخ کردیں جبکہ مختلف شہروں سے آنے والی پروازوں کا رخ ریاض کی جانب موڑ دیا۔دوسری جانب موسمیات کے ماہرین نے کہا ہے کہ مملکت کے مختلف شہروں میں گردو غبار کے طوفان کا سلسلہ نہ صرف جاری رہیگا بلکہ دیگر شہروں تک پھیل جائیگا۔ موسم کے جائزے سے معلوم ہوا ہے کہ رواں ہفتے مملکت کے وسطی علاقوں کے علاوہ حائل، قصیم اور مدینہ منورہ میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
 

شیئر: