عشق آباد فورم میں سعودی نائب وزیرخارجہ کا خطاب، امن و تعاون کے فروغ پر زور
نائب وزیرخارجہ نے فورم میں خادم حرمین اور ولی عہد کی نیابت کی (فوٹو، ایکس اکاونٹ)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن عبدالعزیز آل سعود کی نیابت کرتے ہوئے نائب وزیر خارجہ انجینئرولید بن عبدالکریم الخریجی نے ترکمانستان کے دارالحکومت عشق آباد میں ہونے والے’انٹرنیشنل پیس اینڈ ٹرسٹ فورم‘ میں شرکت کی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق نائب وزیرخارجہ نے اپنے خطاب میں سعودی عرب کی جانب سے جمہوریہ ترکمانستان کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کیے جانے والے اقدام پرشکریہ ادا کیا جس کے نتیجے میں جنرل اسمبلی نے سال 2025 کوعالمی سطح پر امن و اعتماد کا بین الاقوامی سال قرار دینے کی قرارداد کو منظور کیا ۔
انکا کہنا تھا کہ یہ اقدام عالمی سطح پر مکالمے کے فروغ ، تعاون کی حوصلہ افزائی اور باہمی احترام کے اصولوں کو مضبوط کرنے میں موثر کردار ادا کرے گا۔
سعودی نائب وزیر خارجہ نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے اعتماد ، درست سمت مکالمہ اور ترقی بنیادی ستون ہیں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ محض کسی معاہدے یا دستاویز پر دستخط کرنے سے دیرپا امن قائم نہیں ہوسکتا، حقیقی امن باہمی اعتماد سے شروع ہو کر مکالمے سے ہوتے ہوئے منصفانہ حل کی جانب بڑھتا ہے جس کے نتیجے میں تنازعات کے متاثرہ افراد تعمیر کے شراکت دار بن جاتے ہیں ۔
نائب وزیر خارجہ نے سعودی عرب کی جانب سے سفارت کاری کے میدان میں جاری پیشگی کوششوں کو بھی اجاگر کیا جن کی بنیاد ثالثی ، تنازعات کے پرامن حل ، علاقائی استحکام کی حمایت ، انسانی امداد کی فراہمی ، تہذیبوں اور مذاہب کے درمیان مکالمے کے فروغ اور بین الاقوامی اداروں کی تقویت پر قائم ہے۔