Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لارڈزکے بورڈ پر نام لکھوانا چاہتا ہوں، اظہرعلی

لاہور: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اوپننگ بیٹسمین اظہر علی نے کہا ہے کہ دورہ انگلینڈ کے دوران وہ لارڈز کے تاریخی گراونڈ میں سنچری بنانا چاہتے ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کے بعد اوپننگ بیٹسمن نے کہا کہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے خلاف سیریز کےلئے کافی پر جوش ہوں، کافی عرصے بعد ٹیسٹ میچ کھیلیں گے۔ موسم اور ماحول بھی مختلف ہوگا تو امید ہے کہ لطف آئے گا،نئی کنڈیشنز ہوں گی لیکن ہمارے پاس اچھے نوجوان پلیئرز ہیں۔ اظہر علی نے اس صرف ٹیسٹ کرکٹ تک محدود ہونے کے تاثر کو غلط قرار دیا اور کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ ایسا ہے ، کئی ماہ بعد ٹیسٹ سیریز ہورہی ہے اور اس حوالے سے ٹیم بھرپور تیاری کررہی ہے۔ انہوں نے آئرلینڈ کی کنڈیشنز کو مشکل اور دورہ انگلینڈ کو چیلنجنگ قرار دیا اور کہا کہ کوشش ہوگی کے سیریز میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کروں ۔ اظہر علی نے خواہش ظاہر کی وہ لارڈز کے تاریخی گراونڈز پر سنچری بنانا چاہتے ہیں تاکہ وہاں بورڈ پر ان کا نام بھی تحریر کیا جائے جو ایک منفرد اعزاز ہے۔ ایک سوال پر سابق کپتان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف پوری ٹیم ایک یونٹ بن کرکھیلنے پڑےگا کیونکہ وہاں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ یاسر شاہ کے نہ ہونے سے نقصان ہوگا کیونکہ انگلینڈ میں وہ اچھی کارکردگی دکھاتے رہے ہیں۔

شیئر: