’پھولوں سے لطف اٹھائیں اور محبت میں ڈوب جائیں‘، چینی یونیورسٹی کی طالب علموں کو ہدایت
’پھولوں سے لطف اٹھائیں اور محبت میں ڈوب جائیں‘، چینی یونیورسٹی کی طالب علموں کو ہدایت
بدھ 18 مارچ 2026 14:52
حکام نے کہا ہے کہ وہ معاوضے کے ساتھ چھٹیوں کی حوصلہ افزائی بھی کریں گے: فائل فوٹو روئٹرز
چین کی ایک یونیورسٹی نے طالب علموں کو یہ ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی مڈٹرم تعطیلات کے دوران ’پھولوں کی خوشبو سے لطف اندوز ہوں، اور محبت میں ڈوب جائیں‘، یہ ایک ایسے ملک میں غیر معمولی اقدام تصور کیا جا رہا ہے جہاں زیادہ تر طالب علموں کی توجہ صرف اور صرف اچھے نمبر حاصل کرنے پر مرکوز رہتی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق حکام اس وقت ایسے نئے طریقے تلاش کر رہے ہیں تاکہ شادیوں کی تعداد بڑھے اور گھریلو خرید و فروخت میں اضافہ ہو۔
سِچُوآن ساؤتھ ویسٹرن ووکیشنل کالج آف ایوی ایشن نے اپنے سرکاری وی چیٹ اکاؤنٹ پر اعلان کیا کہ سالِ رواں میں موسمِ بہار کی تعطیلات (یکم تا چھ اپریل) کا موضوع ’پھول دیکھیں اور محبت کا لطف لیں‘ ہے۔
منگل کے روز جاری کیے گئے اس نوٹس میں اساتذہ اور طلبہ سے کہا گیا ہے کہ وہ کتابیں بند کر کے زندگی کے ان لمحات کا لطف اٹھائیں۔ یہ ہدایت اس اعلان کے دو ہفتے بعد آئی ہے کہ چین میں سکولوں کے لیے گرمیوں اور سردیوں کے علاوہ بہار اور خزاں کی تعطیلات بھی متعارف کرائی جائیں گی۔
حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ معاوضے کے ساتھ چھٹیوں کو مرحلہ وار دینے کی حوصلہ افزائی بھی کریں گے تاکہ کارکن ان موسموں میں سفر سے لطف اندوز ہوں جن میں عام طور پر سفر نہیں کیا جاتا۔
سِچُوآن اور مشرقی جیانگ سو جیسے صوبے، اور سوزو اور نانجِنگ جیسے شہر موسمِ بہار کی تعطیلات کا شیڈول مرتب کر چکے ہیں، جو اپریل یا مئی کے آغاز میں شروع ہوں گی۔
چین اپنی ایک اعشاریہ چار ارب آبادی میں سیاحتی اور تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دے کر گھریلو خریداری میں اضافہ کرنا چاہتا ہے۔
حکام یہ بھی امید کرتے ہیں کہ وقت کی زیادہ دستیابی بچے پیدا کرنے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرے گا تاکہ آبادی میں ہو رہی کمی کے خطرناک رجحان کو روکا جا سکے۔
2025 میں چوتھے مسلسل سال آبادی میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے، پیدائش کی شرح ریکارڈ سطح تک گر چکی ہے، اور ماہرین نے آبادی میں مزید کمی کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔
طاقت ور ریاستی منصوبہ ساز ادارے قومی ترقی و اصلاحاتی کمیشن نے ایک نوٹس میں کہا ہے کہ بیجنگ نے منگل کو بچوں کے لیے دوستانہ ماحول کو فروغ دینے کے لیے ایک رہنما ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔
حکام اس وقت ایسے نئے طریقے تلاش کر رہے ہیں تاکہ شادیوں کی تعداد بڑھے اور گھریلو خرید و فروخت میں اضافہ ہو: فائل فوٹو پکسابے
اس ہدایت نامے میں یہ کہا گیا ہے کہ تعلیم، صحت، سفر، کھیل اور تفریح سمیت عوامی خدمات کو بہتر بنا کر بچوں کے لیے سازگار ترقی کو فروغ دیا جائے۔
چینی سفری کمپنی ’ٹرپ‘ کے شریک بانی جیمز لیانگ نے کہا ہے کہ ’معاشرے کے پاس بچوں کی پرورش کے لیے وقت اور وسائل ہونے چاہییں، اور اس نوعیت کے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔‘
جیمز لیانگ، جو ایک معروف ڈیموگرافک ماہر بھی ہیں، نے مزید کہا کہ ’نوجوانوں کو بڑے خاندان رکھنے کے سماجی اور ذاتی فوائد کے بارے میں آگہی دینے کے لیے زیادہ کوششیں کی جانی چاہییں۔‘
انہوں نے یہ تجویز دی کہ حکومت وسائل کی دوبارہ تقسیم اور مالی معاونت بڑھا کر ایک وسیع تر سپورٹ فریم ورک قائم کر سکتی ہے۔