پاک ،روس دوستی شراکت داری میں بدل رہی ہے،دفتر خارجہ
اسلام آباد...دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹرمحمدفیصل نے کہاہے کہ پاکستان روس کو اہم عالمی طاقت اور شراکت دار سمجھتا ہے جو علاقائی استحکام میں اہم کرداراداکرسکتاہے۔پاک، روس سفارتی تعلقات کے قیام کے 70سال مکمل ہونے پر ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان اور روس کے درمیان دوستی تیزی سے مضبوط شراکت داری میں تبدیل ہورہی ہے جو علاقائی امن اوراستحکام کی ضامن ہے۔انہوں نے کہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات ،باہمی احترام اوراعتماد اورمشترکہ مفادات پرمبنی ہیں۔ ان کے درمیان اہم علاقائی اورعالمی امور پر ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ دونوں ملک اپنی مشترکہ ہمسائیگی میں دیرپا امن اوراستحکام کیلئے یکساں سوچ کے حامل ہیں اور علاقائی ترقی اورخوشحالی کے خواہاں ہیں۔