Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاور سپلائی رومز سے بیٹریاں ، جنریٹرزاور کیبل چرانے والا 14 رکنی گروہ گرفتار

ریاض ..... ریجنل پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ بجلی کے کیبل اور بیٹریاں و دیگر اشیاءچرانے والے 14 رکنی ایشیائی گروہ کو گرفتار کر لیا گیا ۔ ملزمان نے ابتدائی تحقیقات میں 49 و ارداتوں کا اعتراف کیا ۔ سبق نیوز کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ہائی وے پر بجلی کے ٹرانسفارمر روم میں موجود احتیاطی بیٹری ، کیبل اور تانبے کے فیوز چوری ہو رہے ہیں ۔ بجلی کمپنی کے کنٹریکٹر نے پولیس میں رپورٹ درج کروائی تھی کہ ہائی و ے پر بجلی کی روانی بحال رکھنے کےلئے مخصوص مقامات پر ہنگامی ٹرانسفارمر یونٹس نصب کئے جاتے ہیں جن میں جنریٹر ز ، پلانٹ کو چلانے والی بیٹریاں اور تابنے کے فیوز کے علاوہ احتیاطی کیبل اسٹور کی جاتی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری پر بجلی کے نقص کو دور کیا جاسکے ۔ کمپنی کے نمائندے نے شکایات درج کروائی کہ کچھ عرصے سے ہائی ویز پر بنے ان یونٹس میں سے احتیاطی سامان چوری ہو رہا ہے ۔ نامعلو م چور پاور اسٹیشن کا تالا توڑ کر وہاں رکھا ہوا احتیاطی سامان چرا لے جاتے ہیں ۔ رپورٹ درج ہونے کے بعد پولیس نے نامعلوم ملزموں کی گرفتاری کےلئے منظم حکمت عملی مرتب کرتے ہوئے ان مقامات کی مسلسل نگرانی شروع کر دی جہاں متعدد بار وارداتیں ہوئی تھیں ۔ ریجنل ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس ٹیم کو جلد ہی کامیابی مل گئی ۔ ملزمان نگرانی سے بے خبر حسب معمول واردات کرنے آئے اور گرفتار کرلئے گئے جنہوںنے نہ صرف اپنے اڈے کا پتا بھی بتایا اور گروہ کے دیگر ارکان کی بھی نشاندہی کی ۔ ملزمان کے قبضے سے مسروقہ سامان برآمد ہوا ۔ ابتدائی بیان میں ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہو ںنے اب تک 1142 بیٹریاں ، 13 جنریٹر اور 24 تابنے کے فیوز چوری کئے ہیں ۔ مسروقہ سامان کی مالیت 2 لاکھ 88 ہزار ریا ل سے زائد بتائی جاتی ہے ۔پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزمان کی نشاندہی پر اس گودام پر بھی چھاپا مارا گیا جہاں انہوںنے اپنا اڈا قائم کیا ہوا تھا ۔ملزمان مارکیٹ سے زائدالمیعااد اشیائے خورونوش کے ڈبے لے آتے تھے بعدازاں وہ ان پر تاریخ تبدیل کرکے فروخت کیا کرتے تھے ۔ گودام سے بڑی مقدار میں غیر معیار ی زائدالمعیاد اشیائے خورونوش کے پیکٹس بھی برآمد ہوئے ۔

                                      

شیئر: