رائیونڈ روڈ تعمیر کیس،نواز شریف نیب میں پیش نہیں ہوئے
لاہور...سابق وزیراعظم نواز شریف رائے ونڈ روڈ کیس میں نیب لاہور کے سامنے پیش نہ ہوئے۔نیب لاہور نے نوازشریف کو رائے ونڈ روڈ سے اپنی رہائش جاتی امرا تک سڑک کی غیر قانونی تعمیر اور اختیارات کے غلط استعمال کے الزام میں اتوار کو طلب کیا تھا ۔نیب کی 3 رکنی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم اتوار کو تعطیل کے باوجود نواز شریف کا انتظار کرتی رہی ۔ نواز شریف دوسری مرتبہ طلبی کے باوجود پیش نہیں ہوئے۔ اس سے قبل نیب نے انہیں 21 اپریل کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا تاہم وہ بیگم کلثوم نواز کے علاج کی غرض سے لندن میں موجودگی کے باعث پیش نہیں ہوئے تھے۔ نوازشریف پر بطور وزیراعظم 1998 میں اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے جاتی امرا تک سڑک تعمیر کرانے کا الزام ہے ۔ انہی کے حکم پر سڑک کی چوڑائی 20 فٹ سے 24 فٹ کی گئی جس سے لاگت بڑھ گئی۔ قومی خزانے کو نقصان پہنچا۔نیب کے مطابق نوازشریف نے مبینہ طور پر 1998 میں اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اسکول اور ڈسپنسری کا بجٹ استعمال کرکے اپنی رہائش جاتی امرا تک سڑک تعمیر کرائی ۔منصوبے میں کرپشن بھی کی گئی ۔تفتیش مکمل ہونے پر کرپشن ریفرنس احتساب عدالت لاہور میں دائر کیا جائے گا۔