Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ :بلدیہ کی تفتیشی کارروائیاں ، 7 ٹن غیر معیاری اشیائے خورونوش تلف

    جدہ - -  - - ریجنل بلدیہ کے اہلکاروں نے جامعہ کے علاقے میں غیر معیاری اور مضر صحت سموسے کی پٹیاں تیار کرنے والے کار خانے کو سیل کر دیا ۔ کار خانے سے  7 ٹن سے زائد غیر معیاری اشیائے خورونوش برآمد ہوئیں جنہیں تلف کر نے کیلئے متعلقہ شعبے کے حوالے کر دیا گیا ۔ سبق نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ریجنل بلدیہ کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں اشیائے خورونوش فروخت کرنے اور تیار کرنے والی دکانوں اور کارخانوں کی کڑی نگرانی کا عمل جاری ہے تاکہ لوگوں کو مضر صحت اشیائے سے محفوظ رکھا جاسکے ۔ بلدیہ کی ٹیمیں رمضان المبارک میں لگنے والے اشیائے خورونوش کے اسٹالوں کا بھی جائزہ لیتی رہتی ہیں ۔ مضر صحت سموسے کی پٹیاں تیار کرنے والے کارخانے کے بارے میں ذمہ دار کا کہنا تھا کہ جامعہ کے علاقے میں بلدیہ کی ٹیمیں معمول کی  تفتیشی مہم پر تھیں کہ ایک مارکیٹ کے عقب میں جہاں رہائشی علاقہ تھا غیر ملکی کارکنوں کی غیر معمولی نقل و حرکت دکھائی دی جس پر تفتیشی ٹیم کے اہلکار وہاں گئے تو معلوم ہوا کہ عمارت کے اندر پورا کارخانہ قائم کیا ہوا ہے جہاں انتہائی غیر معیاری انداز میں سموسے کا سامان تیار کیا جاتا ہے ۔ماہ رمضان المبارک میں روایتی سموسوں کا استعمال غیر معمولی ہوتا ہے جس کیلئے تیار کی جانے والی پٹیوں کی مارکیٹ میں طلب بھی بڑھ جاتی ہے ۔ غیر ملکی کارکنوں نے مارکیٹ کی بڑھتی ہوئی طلب کو دیکھ کر غیر معیاری طریقے سے سموسے کی پٹیاں بنانے کیلئے رہائشی مکان کو عارضی کارخانے میں تبدیل کر دیا تھا جہاں انتہائی غیر معیاری طریقے سے سموسے کی پٹیاں بڑے پیمانے پر تیار کی جارہی تھیں ۔بلدیہ کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ کارخانے سے 7 ٹن سے زائد غیر معیاری اشیائے خورونوش اور دیگر سامان جن میں پلاسٹک کے پیکٹس اور ان پر تاریخ درج کرنے کی مشین ، ڈیجیٹل میزان ، گیس سیلنڈرز اور دیگر سامان برآمد ہوا ۔ کارخانے کو سیل کر کے مالکان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ۔
مزید پڑھیں:- - - -میکونو طوفان: صلالہ ایئر پورٹ بند
 

شیئر: