نگراں وزیر اعظم سے سعودی سفیر کی ملاقات
اسلام آباد ... نگراں وزیراعظم ناصرالملک سے پاکستان میں سعودی سفیر نواف سعید بن المالکی نے منگل کو وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ بیان کے مطابق سعودی عرب کے سفیر نے وزارت عظمیٰ کامنصب سھنبالنے پروزیراعظم کو سعودی عرب کی قیادت کی جانب سے مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔ملاقات میں فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات اور دوطرفہ اقتصادی تعلقات بالخصوص تجارت اورسرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے سے اتفاق ظاہرکیا۔سعودی سفیر نے کہاکہ پاکستان میں سعودی عرب کے تاجروں اورسرمایہ کاروں کیلئے مثالی مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ سعودی سفارت خانہ کا کمرشل سیکشن دونوں برادرممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے فعال اورموثرکرداراداکررہاہے۔ نگراںوزیراعظم نے یہ بات زوردے کرکہی کہ حکومت سعودی عرب کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں مفید تعاون اورتعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں پرعزم ہے۔ وزیراعظم نے سعودی عرب کے سفیر کو پاکستان میں انتخابی عمل کے بارے میں بریفنگ بھی دی اوربتایا کہ اس کے نتیجے میں جولائی میں آزادانہ، منصفانہ اورغیرجانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنایا جائیگا اگست میں نئی حکومت کا قیام عمل میں لایا جائیگا۔سعودیسفیر نے پاکستان کے مستقبل اورملک میں امن ، ترقی اورخوشحالی کیلئے اپنی نیک تمناﺅں کا اظہارکیا۔