Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عید پر امت مسلمہ کو شاہ سلمان کی مبارکباد

مکہ مکرمہ .... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو حرم شریف کے پہلو سے جاری کردہ پیغام میں عید الفطر کی مبارکباد پیش کردی۔ وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد نے ریڈیو ٹی وی اسٹیشنوں سے شاہی پیغام پڑھ کر سنایا۔ شاہ سلمان نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے اسلامی اخوت کا سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں حرم شریف کے پہلو سے عید الفطر کے موقع پر آپ سب لوگوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ رمضان المبارک کے روزے رکھنے ، مکمل کرنے، ماہ مبارک کے دوران قیام کی توفیق عطا کرنے پر اس کا شکر ادا کرتا ہوں اوراللہ تعالیٰ سے دعا گو ہو ں کہ وہ ہم سب کے اعمال صالح کو شرف قبولیت بخش دے۔ شاہ سلمان نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے عید الفطر کو ماہ رمضان کی عبادت کی تکمیل کے بعدمسرت و خوشی کے اظہار کا تہوار بنایا ہے۔ یہ تہوار ہمیں صلہ رحمی، ہمدمی، ہمسازی ، ایک دوسرے کے ساتھ نرمی و تعلقداری کاسبق دیتا ہے۔ یہ تہوار ہمیں روا داری اور ایک دوسرے کی کفالت کا سبق سکھاتا ہے۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہماری اس عید کو تمام مسلمانوںکیلئے فرط اور انبساط کا تہوار بنادے۔ امت مسلمہ کو اس تہوار پر بار بار خوشیا ں نصیب فرمائے اور نعمتوں سے نہال کردے۔ امت مسلمہ کو اتحاد و اتفاق کی نعمت سے مالا مال کردے۔ ہم میں سے ہر ایک کو قرآن و سنت پر عمل کرنے کی مکمل توفیق عطا کردے۔ شاہ سلمان نے مسلمانا ن عالم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی نے سعودی عرب، اسکے قائدین اور عوام کو حرمین شریفین اورانکے زائرین کی خدمت کا اعزاز بخشا ہم اس پر رب کے شکر گزار ہیں۔ ہر دور اور ہر جگہ ہمارے لئے یہ بات باعث فخر و ناز ہے۔ ہم اپنے اس فرض کی ادائیگی کے لئے تن من دھن کی قربانی دینے میں ادنی دریغ سے کام نہیں لیتے۔ اسی کے ساتھ اس بات پر رب کے شکر گزار ہیں کہ اس نے ہمیں بانی مملکت کے مرتسم کئے ہوئے طریقہ کار پر چلتے رہنے کی توفیق عطا کررکھی ہے۔ بانی مملکت کے بعد انکے حکمراں فرزندوں نے اسلامی شریعت سے وابستگی ، امت مسلمہ کا پراگندہ شیرازہ جمع کرنے کی جدوجہد اور انتہا پسندی و تشدد کو پس پشت ڈالنے کی پالیسی پر گامزن رہنے کی توفیق عطا کئے رکھی۔ شاہ سلمان نے پیغام عید ختم کرتے ہوئے ہموطنوں کو مخاطب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ ظاہری اور باطنی تمام نعمتوںپر ہم اس کے شکر گزار ہیں اور رہنا چاہئے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے حالات کی اصلاح فرمائے۔ اچھے کاموں کے سلسلے میں ہماری دستگیری کرے۔ ہمیں بلکہ پوری دنیا کو ہر برائی سے اپنی حفاظت میں رکھے۔ دین الہیٰ اور وطن عزیز کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداءکے ساتھ رحمت کا معاملہ فرمائے۔دنیا بھر میںجاں بحق ہونے والے مسلمانوں کے ساتھ رحم و کرم کا معاملہ کرے۔ تمام مسلمانوں کو ہماری طرف سے ایک بار پھر عید کی مبارکباد۔
 

شیئر: