Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پشاور میں سوگ: دھماکے کے کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک

پشاور:  اے این پی کی انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ کارنر میٹنگ میں گزشتہ روز ہونے والے بم دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کی تعداد 20 ہو گئی ہے جن میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما بشیر بلور کے بیٹے ہارون بلور بھی شامل ہیں، جبکہ 62 زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ اے این پی کے مرحوم رہنما بشیر بلور کے بیٹے ہارون بلور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 78 سے انتخابی امیدوار بھی تھے۔ گزشتہ روز ہونے والے دھماکے میں پولیس حکام کے مطابق ہارون بلور تقریب کے مہمان خصوصی تھے، ان کے پہنچنے پر حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑایا۔بم ڈسپوزل اسکواڈ کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دھماکے میں کم از کم 8 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ واضح رہے کہ جائے وقوع سے کچھ ہی فاصلے پر 22 دسمبر 2012ء میں اے این پی کے رہنما بشیر بلور پر خودکش حملہ ہوا تھا جس میں بشیر بلور سمیت 9 افراد شہید ہوگئے تھے۔
اہم شخصیات کی جانب سے مذمت
پشاور میں ہونے الے خودکش دھماکے پر نگراں وزیراعظم ناصر الملک نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کی مذمت کی ہے ۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا دہشت گردی کے واقعے پر کہنا ہے کہ اے این پی کے جلسے پر حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، ہارون بلور اور ان کے ساتھیوں کی شہادتوں پر دل غم سے نڈھال ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاست انتخابی مہم کے دوران تمام سیاسی جماعتوں اور ان کے امیدواروں کی سیکورٹی یقینی بنائے ۔
ن لیگ کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے ہارون بلور کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے سوگواران کے لیے صبر کی دعا کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ملک میں جمہوریت کا راستہ روکنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں، وہ کل بھی ناکام ہوئے تھے اور آج بھی ناکام ہوں گے ہم سوگواران کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمن دہشت گردی کے ذریعے ملک اور جمہوریت پر حملہ آور ہیں یہ عناصر پاکستان اور جمہوریت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، ملک کو دہشت گردی سے محفوظ کرنا سب کی ذمے داری ہے ،پیپلز پارٹی پاکستانی قوم کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اے این پی کے کارواں پر حملہ قابل مذمت ہے ۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہارون بلور کی شہادت سے ہمارے دہشت گردی کے خلاف عزم مزید پختہ ہوا، پاکستان مسلم لیگ نے ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بہت کام کیا اور ملک میں امن قائم کیا، ہارون بلور کی شہادت ایک قومی سانحہ ہے ، ہم ایک زندہ قوم ہیں اور ایسے واقعات ہمارے عزم اور حوصلے کو متزلزل نہیں کرسکتے ۔
گورنر پنجاب رفیق رجوانہ، چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا، چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الٰہی ، مونس الٰہی سمیت دیگر رہنماؤں نے واقعے پر اظہار افسوس کیا ہے ۔ پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے دھماکے اور ہارون بلور سمیت دیگر افراد کی شہادتوں کے سوگ میں آج بدھ کو مکمل ہڑتال کا اعلان کیا ہے ۔
مزید پڑھیں:- - - - -ہارون بلور کی تدفین آج ہوگی

شیئر: