Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قتل نہیں ،حیوانیت کی انتہاہے، مولانا ارشد مدنی

نئی دہلی۔۔۔۔الور میں ہونیوالے پُرہجوم قتل پر سخت برہمی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جمعیت علمائے ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے کہا کہ مجمع کے ہاتھوں کسی نہتے شخص کو مار مار کر موت کے گھاٹ اتار دینا قتل نہیں حیوانیت اور درندگی کی انتہا ہے۔افسوسناک بات تو یہ ہے کہ سپریم کورٹ نے جس روز شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایک فیصلے میں کہاتھا کہ بھیڑ کو من مانی کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی عین اسی روز سوامی اگنی ویش پر جان لیوا حملہ کیا گیا اور اب الور میں بے گناہ محمد اکبرکی جان لے لی گئی۔انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ نے موب لنچنگ روکنے کیلئے 2ہفتے قبل تمام ریاستوں کو ہدایت جاری کرکے موثر اقدامات کرنے کا حکم دیا تھا۔ اب اگر اس کے باوجود بھی اس طرح کے واقعات تھمنے کا نام نہیں لے رہے تو اس کا صاف مطلب یہ بھی ہوسکتا ہے کہ جو لوگ ایسا کررہے ہیں انہیں سیاسی تحفظ حاصل ہے۔مولانا نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ کی سخت ہدایت کے بعد بھی سرکار قانون سازی نہیں کرتی اور بے گناہوں کی ہلاکت کو روکنے میں موثر اقدامات سے پہلو تہی کرتی ہے تو جمعیت علمائے ہند اس کے خلاف قانونی جدو جہد کریگی۔مولانا مدنی نے مقتول کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ جمعیت پسماندگان کو مالی اور قانونی امداد فراہم کریگی۔مقتول اکبر کے تمام بچوں کے تعلیمی اخراجات جمعیت کی جانب سے ادا کئے جائیں گے۔
مزید پڑھیں:- - - - -چنڈی گڑھ: شادی سے قبل ڈوپ ٹیسٹ کی تیاری

شیئر: