Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منیاپولس میں امیگریشن ایجنٹس کے ہاتھوں ایک اور شہری ہلاک، احتجاج میں شدت

امریکی ریاست منیسوٹا میں امیگریشن ایجنٹس نے ایک اور امریکی شہری کو قتل کر دیا ہے۔ رواں ماہ کے دوران ہونے والے اس دوسرے واقعے کے خلاف مقامی رہنماؤں کا سخت احتجاج سامنے آیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ شہر منیاپولس میں سنیچر کو اس وقت پیش آیا جب ایک ایجنٹس نے ایک مسلح شخص کو پکڑنے کی کوشش کی اور مزاحمت پر گولی چلائی گئی۔
مقامی رہنماؤں کی جانب سے اس موقف پر سوال پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں کیونکہ مبینہ طور پر آن لائن موجود ویڈیو اس سے متصادم دکھائی دیتی ہے۔
مارے جانے والے شخص کا نام ایلیکس پریٹی اور عمر 37 سال ہے اور وہ منیاپولیس کے ایک ہسپتال میں بطور نرس کام کرتا تھا۔
رپورٹ کے مطابق سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں ایلیکس کو گلی میں کھڑے دیکھا جا سکتا ہے اور وہ اپنے موبائل سے ایجنٹس کی ویڈیو بنا رہا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ایجنٹ مظاہرین پر سپرے کر رہا ہے جب ایلیکس اس کو روکنے کی کوشش کرتا ہے تو کئی ایجنٹ ان کو زمین پر گرا لیتے ہیں اور شدید تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی ایک ایجنٹ اپنی گن نکالتا ہے اور اس پر کئی فائر کرتا ہے اور اس کے بعد ایلیکس کی لاش گلی میں پڑی دکھائی دیتی ہے۔
فائرنگ کی آواز کے ساتھ ہی سینکڑوں مظاہرین میں اشتعال پھیل گیا اور انہوں نے نقاب پوش ایجنٹس کے ساتھ بھڑنے کی کوشش کی جس پر ان پر آنسو گیس پھینکی گئی اور فلیش گرینیڈ چلائے گئے۔

مرنے والے شخص کی شناخت ایلیکس پریٹی کے نام سے ہوئی ہے (فوٹو: اے پی)

ریاست کے حکام پہلے ہی پچھلے واقعے کی وجہ سے صدر ٹرمپ کی انتظامیہ کے اقدامات سے اخٹلافات رکھتے تھے، وہ اس واقعے کی شدید مذمت کرتے نظر آ رہے ہیں۔
اس سے قبل سات جنوری کو بھی ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جس میں امیگریشن ایجنٹس نے 37 سالہ امریکی شہری رین گڈ کو گولی مار دی تھی۔
اس کے بعد صدر ٹرمپ کی انتظامیہ نے امیگریشن ایجنٹ کی طرف داری کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس نے اپنے دفاع میں ایسا کیا۔
انتظامیہ نے واقعے کے بعد ہونے والی تحقیقات میں مقامی حکام کو شامل کرنے سے بھی انکار کر دیا تھا۔
ہوم لینڈ سکیورٹی کی سیکریٹری کرسٹی نوم کا کہنا ہے کہ نشانہ بننے والے شخص نے ایک چھاپے کے دوران ایجنٹس پر حملہ کیا تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ آیا اس حملے کے وقت اس کے پاس گن تھی یا اس کو استعمال کرنے کی کوشش کی۔
واقعے کے بعد کرسٹی نوم نے پریس کانفرنس کے دوران ایلیکس پر الزام لگایا کہ وہ وہاں پرامن احتجاج کے لیے نہیں پہنچا تھا بلکہ تشدد کی غرض سے وہاں آیا تھا۔‘

 

شیئر: