Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیشے تبدیل کرانے کیلئے وزارت داخلہ سے اجازت لینا ضروری ہے

منظوری سے قبل مطلوبہ پیشوں کیلئے غیر ملکیوں کی خدمات درکار ہونے کا جائزہ لیا جائے گا، عام کارکنوں کے پیشوں کی تبدیلی کو انتہائی آسان رکھا گیا ہے،وزارت محنت و سماجی بہبود
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) وزارت محنت و سماجی بہبود آبادی کی جانب سے مملکت میں مقیم تارکین وطن کو پیشے تبدیل کرانے کی مشروط اجازت کے حوالے سے وزارت نے چند نکات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارکنوں کے پیشوں کی تبدیلی کے لئے وزارت داخلہ کی اجازت لازمی ہے ۔ سعود ی عرب کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق وہ غیر ملکی کارکن جو انجینئرنگ ، طب اور آڈٹ لا ءفرموں میں کام کرنے والے پروفیشنلز کے لئے لازمی ہو گا کہ وہ متعلقہ پیشوں کی منتخب شدہ کونسل سے رجوع کریں جہاں سے انہیں پیشہ ورانہ سند جاری کرنے سے قبل اس امر کا جائزہ لیا جائے گا کہ مقامی مارکیٹ کو مذکورہ پیشوں میں غیر ملکیوں کی خدمات درکار ہیں یا نہیں ۔ پیشہ ورانہ کونسل سے این او سی جاری کرنے کے بعد انکا معاملہ وزارت محنت کی سائٹ پر کمپنی کی جانب سے اپ لوڈ کیا جائے گا ۔ آفیشل ویب سائٹ کی جانب سے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مذکورہ 3 شعبوں جن میں پیشوں کی تبدیلی کونسل کے این او سی کے بعد کی جائے گی میں مزید شعبوں کا اضافہ کیاجاسکتا ہے ۔ دیگر پیشوں میں تبدیلی کے طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے آفیشل ویب سائٹ میں کہا گیا عام کارکنوں کے پیشوں کی تبدیلی کو انتہائی آسان رکھا گیا ہے کہ مقررہ ویب سائٹ جہاں سے کارکنوں کے سرکاری معاملات نمٹائے جاتے ہیں پر لاگ ان کرنے کے بعد جس کارکن کاپیشہ تبدیل کرنا ہو اس کے بارے میں معلومات جن میں اقامہ نمبر ، تاریخ انتہاء ، موجودہ پیشہ اور نیا پیشہ منتخب کرکے اسے اپ لوڈ کر دیاجائے ۔ ویب سائٹ پر اپ لوڈ کئے جانے والے تمام معاملات وزارت محنت و سماجی بہبود آبادی کی ویب سائٹ پر محفوظ ہونے کے ساتھ ہی انہیں وزارت داخلہ کے متعلقہ شعبے میں ارسال کر دیاجائے گا جہاں سے منظور ی ملنے کے بعد وزارت محنت کو پیشے کی تبدیلی کے احکامات صادر کئے جائیں گے جس کے بعد کارکن کا نیا پیشہ وزارت محنت کے قوانین کے مطابق تبدیل کر دیاجائے گا ۔ وزارت کی ویب سائٹ " مقیم " پر اس کی اطلاع کمپنی کو فراہم کر دی جائے گی۔ ویب سائٹ پر پیشے کی تبدیلی کی منظور ی ملنے کے بعد کمپنی کے نمائندہ محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ( جوازات ) سے رجوع کریں جہاں سے نیا اقامہ جاری کر دیاجائے گا ۔ دریں اثناءوزار ت محنت کے ذرائع کا کہنا تھا کہ پیشوں میں تبدیلی کا حتمی اختیار وزارت داخلہ کو ہو گا جہاں سے درخواست کو منظور یا مسترد کیا جاسکتا ہے۔ 
 
 

شیئر: