Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آخری دن سیاسی طاقت کا بھرپور مظاہرہ

اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے قانون کے مطابق ملک بھر میں انتخابات کے لیے چلائی جانے والی مہم گزشتہ رات 12 بجے ختم ہو گئی۔ انتخابی تشہیر اور جلسے جلوسوں کے لیے دیئے گئے وقت کے دوران ملک بھر کی چھوٹی بڑی تمام سیاسی جماعتوں نے اپنی اپنی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا اور دوسروں کو نااہل قرار دیتے ہوئے عوام کے مسائل آئندہ حکومت میں آنے کے بعد حل کرنے کے وعدے کیے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017ءکے مطابق 23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب انتخابی مہم کے لیے دیا گیا وقت ختم ہو چکا تھا اور اس حوالے سے سیاسی جماعتوں، امیدواروں سمیت میڈیا کے لیے بھی ہدایت نامہ جاری کیا گیا تھا جس کے مطابق انتخابات سے 48 گھنٹے پہلے تک مہم اور انتخابی تشہیر ختم کرنا لازمی تھا۔ وقت مکمل ہونے کے بعد اب کسی بھی قسم کے جلسے جلوس، ریلیوں اور کارنر میٹنگز پر پابندی ہوگی ساتھ ہی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر بھی سیاسی جماعتوں کے اشتہارات چلانے پر پابندی ہوگی۔ انتخابی مہم کے آخری روز ملک کی تمام سیاسی جماعتوں نے اپنا ہدف طے کر رکھا تھا اور مقرہ مقامات پر اپنی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان اور راولپنڈی میں جلسہ عام سے خطاب کیا جب کہ حمزہ شہباز نے لاہور میں ریلی نکالی۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے انتخابی مہم کا آخری دن لاہور کے کارکنوں کے نام کیا ۔ انہوں نے این اے 125، 128، 131 اور این اے 134 میں پارٹی کارکنوں اور عوام سے خطاب کیا۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جیکب آباد اور شکار پور میں جلسوں سے خطاب کیا۔ اسلام آباد میں ایم ایم اے نے اپنی اطقت دکھائی جبکہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے کراچی کے لیاقت آباد فلائی اوور پر اپنا آخری انتخابی جلسہ کیا۔ واضح رہے کہ کل 25 جولائی بروز بدھ ملک بھر میں عام انتخابات کا دن ہے اور اس حوالے سے ملک بھر میں سیاسی درجہ حرارت اپنی انتہا کو پہنچا ہوا ہے۔
 
 

شیئر: