Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد اقصیٰ میں جمعہ کے نمازیوں پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ، دسیوں زخمی

القدس.....اسرائیلی فوج نے جمعہ کی نماز کیلئے قبلہ اول مسجد اقصیٰ آئے ہوئے فلسطینیوں پر فائرنگ کردی۔ دسیوں نمازی زخمی ہوگئے۔ انہوں نے مسجد کے چوکیداروں کو وحشیانہ انداز میںزدو کوب کیا ۔ فلسطینی صحت ذرائع کا کہناہے کہ مسجد اقصیٰ میں 40نمازی اشک آور بموں اور آتشیں اسلحہ سے متاثر ہوکر زخمی ہوئے۔ اسرائیلی افواج نے مشرقی القدس میں مسجد اقصیٰ کے دروازے بند کردیئے اور نمازیوں کو صحنوں سے بھگا دیا۔ اسلامی اوقاف کے ترجمان نے صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصیٰ کے دروازے میں زنجیریں ڈالدیں جبکہ مسجد اقصیٰ کے بڑے دروازے نماز جمعہ کے بعد بند کردیئے اور نمازیوں کو باہر کردیا۔ اسرائیلی فوج نے گنبد صخرہ کی مسجد بھی بند کردی۔ چوکیداروں کے سربراہ اور نمازیوں پر مسجد کے صحنوں میں درندگی کیساتھ مار دھاڑ کی۔ فلسطینی ایوان صدارت نے اعلامیہ جاری کرکے بتایا کہ فلسطینی صدر محمود عباس نے مسجد اقصیٰ او راس میں نماز کیلئے آنے والوں کے خلاف اسرائیلی افواج کی جارحیت بند کرانے کیلئے عرب ، علاقائی اور بین الاقوامی رہنماﺅں سے زبردست رابطے کئے۔ فلسطینی ایوان صدارت نے مسجد اقصیٰ پراسرائیلی درندگی کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور خبردار کیا کہ اس سے صورتحال مزید بحرانی ہوگی دنیا بھر کے ممالک اور عالمی برادری کے اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ قابض اسرائیلی حکام کونہتے فلسطینیوں کے خلاف مار دھاڑ سے باز رکھنے کیلئے دباﺅ ڈالیں اور بین الاقوامی قوانین کی پابندی کرائیں۔ فلسطینی حکومت کے ترجمان یوسف المحمود نے کہا کہ فلسطین خطے اور دنیا بھر میں آنے والی تمام تبدیلیوں کی ذمہ داری قابض اسرائیلی حکام اور امریکی صدر ٹرمپ پر عائد ہوتی ہے۔ مسجد اقصیٰ کے خلاف ننگی جارحیت بھی اسی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ اسرائیلی حکومت اور ٹرمپ انتظامیہ پورے علاقے کو دینی جنگ کی جانب دھکیل رہے ہیں۔ ہم اس کے خلاف ہیں۔ مذہبی جنگ ہمارے خطے، معاشرے اورثقافت سے میل نہیں کھاتی۔ انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ کے نمازیوں پر حملہ اسرائیل کو یہودی ریاست قرار دینے والے فیصلے پر عمل درآمد ہے۔ اسرائیلی اب مسجد اقصیٰ کو مسلمانوں اور یہودیوں کے درمیان زمان و مکان کے حوالے سے تقسیم کرنے والی سازش نافذ کرینگے۔ دریں اثناءسعودی عرب نے فلسطینی علاقو ںمیں اسرائیل کے مسلسل جارحانہ اقدامات کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور واضح کیا کہ اسرائیل کے غیر قانونی اور غلط اقدامات اور اسکیموں کو پوری قوت سے مسترد کیا جاتا ہے۔
 

شیئر: