Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان حج رضاکار گروپ کا قونصلیٹ میں ہفتہ وار تربیتی پروگرام جاری

حج مشن کیجانب سے مثالی تعاون کیاجاتا ہے ، منی میں رضاکاروں کو خیمہ فراہم کر دیاجائے تو خدمت کا معیار مزید بہتر ہو سکتا ہے ، سفیر پاکستان اور ڈائریکٹر جنرل حج سے اپیل
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پاکستان حج رضاکار گروپ کے تحت امسال کے لئے رضاکاروں کی عملی تربیت کا پروگرام قونصلیٹ میں جاری ہے ۔ گروپ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نواز نے بتایا کہ امسال ایام حج میں ضیوف الرحمان کی خدمت کےلئے 2 ہزار سے زائد رضاکاروں کا ہدف مقرر کیا ہے ۔ ابھی تک12 سو سے زائد رضاکاروں کو رجسٹرکر لیا گیا ہے جس کا سلسلہ جاری ہے ۔ چوہدری نواز نے مزید کہا کہ پاکستان حج مشن کی جانب سے رضاکاروں کے ساتھ بہترین تعاون کیاجاتا ہے جن میں ٹرانسپورٹ کی فراہمی ، مکہ مکرمہ کے علاقے العزیزیہ میں رضاکاروں کے لئے رہائش کی فراہمی کے ساتھ وہیل چیئرز کی فراہمی بھی شامل ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل حج ڈاکٹر ساجد یوسفانی کی جانب سے پاکستان رضا کارگروپ کے لئے ہمیشہ مثالی تعاون پیش کرتے ہوئے ہمارے رضاکاروں کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی گئی ۔ رضاکاروں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کے حوالے سے سوال پر چوہدری نواز کا کہنا تھاکہ حج مشن کے تعاون سے ہم ضیوف الرحمان کی خدمت کر رہے ہیں ۔ ہمارے پیش نظر کسی سے تمغہ لینا یا جاہ حشمت کی کوئی خواہش نہیں ۔ سعودی عرب کے مختلف شہروں سے اپنے خرچ پر ہزاروں ہم وطن رضاکارانہ جذبے کے تحت ارض مقدس میں جمع ہوتے ہیں انہیں قیام وطعام کی سہولت حج مشن کی جانب سے فراہم کی جاتی ہے جس پر ہم انکے بے حد شکر گزار ہیں تاہم اگر ڈائریکٹر جنرل امسال ہمارے رضاکاروں کو منیٰ کے حج مشن کیمپ میں جگہ مہیا کر دیں تو ضیوف الرحمان کی خدمت کا معیار مزید بہتر ہو سکتا ہے ۔ پاکستان حج رضا کاروں کا قیام العزیزیہ کے علاقے میں ہوتا ہے جس کی مسافت منی سے 8 کلو میٹر ہوتی ہے جہاں سے رضاکاروں کا وہیل چئیر کے ساتھ آناکافی دقت طلب امر ہوتا ہے ۔ سفیر پاکستان اور ڈائریکٹر جنرل حج سے ہماری درخواست ہے کہ اپنے تعاون میں مزید اضافہ کر تے ہوئے منی میں رضاکاروں کےلئے خیمہ مہیا کر دیں تاکہ رضاکاروں کو جو مسافت طے کرنی پڑتی ہے اس سے بچ سکیں او روہ وقت جو انہیں العزیزیہ سے وہیل چیئر کے ساتھ منی آنے میں لگتا ہے اس وقت میں مزید عازمین کی خدمت کی جاسکے ۔ دریں اثناءحج رضاکاروں کے شعبہ تربیت کے ذمہ دار عثمان نے اردونیوز کو بتایا کہ مملکت کے مختلف شہروں سے رضاکاروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جن میں ریاض ، مدینہ منورہ ، حفر الباطن ، دمام ، ینبع اور دیگر شہر بھی شامل ہیں ۔ رضا کاروں کو پاکستان قونصلیٹ میں باقاعدہ تربیت فراہم کی جاتی ہے تاکہ وہ حج میں بہتر طور پر ضیوف الرحمان کی خدمت کر سکیں ۔ گروپ کی جانب سے موبائل ایپلی کیشن بھی لانچ کی گئی ہے جس سے کافی سہولت ہوئی ہے ۔ امسال وہیل چیئرز کی تعداد 250 ہوگی تاہم مزید اضافے کے لئے کوشش کر رہے ہیں ۔ گروپ کے میڈیا کوآرڈینٹر وسیم شاہد بخاری نے بتایا کہ گزشتہ برس کی طرح امسال بھی مکہ مکرمہ کی فلاحی تنظیم جمعیہ مراکز الحیاءکے تعاون سے رضاکاروں کو مشاعر مقدسہ میں پہنچایا جائے گاجس کےلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ قبل از حج مکہ مکرمہ میں رہنے والے رضاکارگروپ کے ارکان کی جانب سے عازمین کی رہنمائی کے پروگرام کاآغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت عازمین کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ارکان حج اور مملکت کے بنیادی قوانین کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کی جاتی ہے تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکل صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔گرو پ کی جانب سے معلومات کیلئے 0590738922 واٹس اپ نمبر جاری کیا گیا ہے جس پر رضا کارانہ خدمت انجام دینے کے خواہشمند رابطہ کر کے درکار معلومات حاصل کر سکتے ہیں ۔ 
 

شیئر: