Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نرس سے بدتمیزی سعودیوں کو مہنگی پڑ گئی ،50 کوڑوں کی سزا

مکہ مکرمہ .... فوجداری عدالت نے نرس سے بدتمیزی کرنے پر 2 سعودیوں کو 50 کوڑوں کی سزا کا حکم سنا دیا۔ مکہ مکرمہ میں امور صحت کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر وائل مطیر نے سبق نیوز کو بتایا کہ متا ثرہ نرس اسپتال کے زنانہ ایمرجنسی وارڈ میں ڈیوٹی پر تھی کہ 2 افراد ایک معمر خاتون کو لے کر آئے ۔ نرس نے بیمار معمر خاتو ن کو زنانہ وارڈ میں لے جانے کے بعد اس کے ہمراہ آنے والے دونوں مردوں کو باہر انتظار کر نے کا کہا جس پر ان لوگوں نے نرس سے بدکلامی کی اور اسے برا بھلا کہا ۔ وہاں موجود دیگر نرسوں نے ان لوگوں کو سمجھایا کہ یہ زنانہ وارڈ ہے جس میںمردوں کا اندر آنا منع ہے مگر ملزمان بدکلامی سے باز نہ آئے جس کے سبب پولیس کو طلب کرنا پڑا ۔ ڈاکٹر وائل نے مزید بتایا کہ پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے پراسیکیوشن کے ادارے میں چالان بھیج دیا ۔ تحقیقاتی ادارے نے تحقیقات مکمل کرکے مقدمہ عدالت میں بھیجا جہاں جرم ثابت ہونے پر قاضی نے دونوں مقامی شہریوں کو 50 کوڑے لگانے کا حکم صادر کر دیا ۔ عدالتی فیصلے کو روکنے کےلئے مجرموں کے اہل خانہ نے نرس سے رابطہ کرکے کیس واپس لینے اور انہیں معاف کرنے کی درخواست کی مگر نرس کا کہنا تھا کہ اگر ان لوگوں کو سزا نہیں ہو گی تو طبی اداروں میں نرسوں کے ساتھ اس طرح کے مزید کیس ہونگے ۔ نرس کا کہنا تھا کہ مملکت میں قانون عدل مثالی ہے ۔ 

شیئر: