Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کئی شوبز ستاروں کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا

    عام انتخابات میں سیاسی قائدین کے علاوہ شوبز انڈسٹری کے کئی ستاروںنے بھی حصہ لیا لیکن انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔نامور گلوکار ابرار الحق نے تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے نارووال کے حلقے این اے 78سے انتخاب میں حصہ لیا تاہم انہیں مسلم لیگ (ن) کے احسن اقبال کے مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔گلوکار جواد احمد نے اپنی جماعت برابری پارٹی کے پلیٹ فارم سے تین حلقوں سے انتخاب لڑا ۔جواد احمد کراچی کے حلقے این اے 246سے میدان میں اترے جہاں سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو بھی امیدوار تھے۔دلچسپ بات یہ ہے اس حلقے سے جواد احمد اوربلاول بھٹو دونوں شکست کھا گئے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوارعبدالشکور شاد نے کامیابی حاصل کرلی ۔جواد احمد لاہور نے حلقہ این اے 133سے بھی انتخاب لڑا ۔مذکورہ حلقے سے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور تحریک انصاف کے رہنما خواجہ سعد رفیق بھی ان کے مقابلے پر تھے ۔ اس حلقے سے عمران خان نے کامیابی حاصل کی ۔جواد احمد نے لاہور کے ہی حلقے این اے 132سے بھی مقابلہ لڑا جہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف بھی مقابلے پر تھے ۔ گلوکار جواد احمد کو اس حلقے سے بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔اداکارہ گل رعناکراچی کے حلقے پی ایس 94سے پیپلز پارٹی کی امیدوار کی حیثیت سے میدان میں اتریں لیکن انہیں ایم کیوایم پاکستان کے امیدوار محمد وجاہت کے مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اداکار ساجد حسن نے بھی پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 256سے انتخاب میں حصہ لیا تاہم انہیں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوارمحمد نجیب ہارون نے شکست دیدی ۔سینئر اداکار ایوب کھوسہ بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حیثیت سے کراچی کے حلقے پی ایس 101سے انتخابی میدان میں اترے تھے تاہم ان کے مقابل پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سید فردوس شمیم نقوی نے کامیابی حاصل کی۔
 

شیئر: