Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جو فلسطین کو قبول نہیں وہ ہمیں منظور نہیں، شاہ سلمان

نیوم ... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے فلسطینیوں کے نام اپنے پیغام میں واضح کیا ہے کہ جو آپ کو قبول ہو وہ ہمیں قبول اور جسے آپ مسترد کریں اسے ہم بھی مسترد کریں گے۔ سعودی عرب میں متعین فلسطینی سفیر باسم ال آغا نے عالمی خبر رساں ادارے سے گفتگو میں کہا کہ سعودی عرب ، القدس اور پناہ گزینوں کی واپسی سے متعلق فلسطینیوں کے موقف کو نظر انداز کرنے والا امریکی امن منصوبہ کسی قیمت پر قبول نہیں کریگا۔ ال آغا نے بتایا کہ شاہ سلمان نے فلسطینی صدر محمود عباس کو ان سے ہونے والی اپنی آخری ملاقات میں اطمینان دلایاتھا کہ سعودی عرب فلسطینیوں سے کسی قیمت دستبردار نہیں ہوگا۔ فلسطینی سفیر نے کہا کہ شاہ سلمان نے صدر عباس سے دوٹوک الفاظ میں یہ بات کہی تھی کہ ہمیں وہ قبول ہے جو آپ کو قبول ہوگا اور ہم اس کو مسترد کردیں گے جسے آپ مسترد کرینگے۔ فلسطینی سفیر نے یہ بھی کہا کہ خادم حرمین شریفین نے امسال مملکت میں ہونے والی عرب سربراہ کانفرنس کو القدس سربراہ کانفرنس کا عنوان دیکر نیز فلسطینیوں کو 200ملین ڈالر کی اضافی امداد مختص کرکے 2پیغام دیئے۔ ایک پیغام یہ کہ القدس کا مسئلہ مذاکرات کے ذریعے طے ہوگا۔ دوسرا پیغام یہ کہ فلسطینی پناہ گزینوں کی واپسی کا معاملہ متنازع ہے اس نزاع کو بھی بات چیت کے ذریعے ہی طے کیا جائیگا۔ دوسری جانب مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے واضح کیا ہے کہ عرب مسئلے کا ایسا کوئی بھی حل جس میں 1967ءکی سرحدوں تک انخلاءکی بات نہ کہی گئی ہو اور مشرقی القدس کو فلسطین کا دارالحکومت نہ مانا گیا ہو اور اسے صدی کے سودے کا نام دیا جارہا ہو اسے مصر پوری طرح سے مسترد کردیگا۔

شیئر: