Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

این اے 249: فیصل واوڈا کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے دی گی درخواست کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کراچی سے کامیاب ہونے والے تحریک انصاف کے امیدوار فیصل واوڈا کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کرنے سے روک دیا ہے۔ واضح رہے کہ کراچی کے اس حلقے میں شہباز شریف اور فیصل واوڈا مدمقابل تھے اور دونوں کے درمیان حاصل کیے گئے ووٹوں میں 7 سو سے زائد ووٹ کا فرق تھا۔ جس پر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی جسے ریٹرننگ افسر نے مسترد کردیا تھا۔ جس کے بعد گزشتہ روز شہباز شریف کی جانب سے این اے 249 کے نتائج کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرائی گئی تھی اور بعدازاں انہوں نے آج انتخابی نتائج کو سندھ ہائیکورٹ میں بھی چیلنج کردیا۔ صدر مسلم لیگ (ن) کی جانب سے درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ ووٹوں کی گنتی میں شدید بے قاعدگیاں ہوئی ہیں اور انہی بے ضابطگیوں کے باعث پی ٹی آئی کے فیصل واوڈا کامیاب ہوئے ہیں لہٰذا ووٹوں کی دوبارہ گنتی کاحکم دیا جائے ۔ سندھ ہائیکورٹ نے آج درخواست پر سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو این اے 249 کراچی سے پی ٹی آئی امیدوار فیصل واوڈا کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا۔ دوسری جانب عدالت عالیہ نے الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین سے 10 اگست تک جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
 
 

شیئر: