Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عازمین حج میں کسی قسم کے وبائی اور متعدی امراض نہیں ، وزارت صحت

ریاض.... وزارت صحت کا کہناہے کہ عازمین حج میں کسی قسم کا وبائی یا متعدی مرض نہیں ۔ مجموعی طور پر عازمین کی صحت بہتر ہے ۔ سبق نیوز نے وزارت صحت کے حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ حج ٹرمنل اور دیگر سرحدی و بحری چیک پوسٹوں پر وزارت صحت کے کاﺅنٹرز قائم کئے گئے ہیں جہاں عازمین کی صحت کے بارے میں تفصیلی رپورٹ یومیہ بنیاد پر جاری کی جاتی ہے ۔ وزارت صحت عالمی ادارہ صحت کے اصولوں کے مطابق مملکت آنے والے تمام عازمین کی خدمت میں پیش پیش ہے ۔ عالمی ادارہ صحت کے شعبہ متعدی امراض کی جانب سے جاری کردہ قواعد کے مطابق مملکت میں متعدی اور وبائی امراض کےلئے بیرون مملکت مشنز کو حج سیزن سے قبل ہی ہدایات جاری کر دی تھیں تاکہ فریضہ حج کےلئے آنے والے عازمین کو امور صحت سے متعلق بہتر اندازمیں رہنمائی فراہم کی جاسکے ۔ وزارت صحت کی جانب سے شہر مقدس کے علاوہ ایئر پورٹس ، بندرگاہوں اور سرحدی چوکیوں پر بھی صحت کاﺅنٹرز قائم کئے ہیں جہاں آنے والے عازمین کو احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے وبائی امراض سے بچاﺅ کےلئے ویکسینیشن کی جاتی ہے ۔ وزارت صحت کی جانب سے گردن توڑ بخا ر ، زرد بخار سے بچاﺅ کےلئے عازمین حج کو دوائی کے قطرے پلائے تاکہ عازمین ان امراض میں مبتلا نہ ہوں ۔ عازمین حج کوبہتر صحت مند ماحول فراہم کرنے کےلئے بھی وزارت صحت کارفرما ہے اس ضمن میں مختلف زبانوں میں ہینڈ بلز اور معلوماتی کتابچوں کے علاوہ احتیاطی تدابیر پر مبنی پوسٹرز بھی جاری کئے گئے ہیں تاکہ عازمین حج ان ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنی صحت کا خیال رکھیں ۔ وزارت صحت کی مختلف ٹیمیں گزشتہ کئی برس سے مشاعر مقدسہ میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے کا اہتمام کرتی ہے تاکہ ملیریا اور دیگر امراض نہ پھیلیں ۔ دریں اثناءوزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عازمین حج کی بہتر صحت کےلئے مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اور مشاعر مقدسہ میں اضافی اہلکاروں کومتعین کیاجاتا ہے جو حج سیزن کے اختتام تک خدمات انجام دیتے ہیں ۔ حج مشنز کے تحت عمارتوں میںمقیم عازمین کو صحت کی خدمات فراہم کی جاتی ہے ۔ وزارت کی موبائل ٹیموں کو ملیریا کی تشخیص کےلئے جدید آلات فراہم کئے گئے ہیں تاکہ ملیریا کے بارے میں درست اور فوری معلومات حاصل کی جا سکیں ۔ موبائل یونٹس کا تجربہ گزشتہ برسوں میں کافی کامیاب رہا جس پر امسال بھی عمل جاری ہے ۔ وزارت صحت نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ حج سیزن کے دوران اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں تاکہ بہتر طور پرمناسک حج ادا کرسکیں ۔ 

شیئر: