Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئی حکومت پاک سعودی تعلقات کو مزید مستحکم بنائے گی، سفیر پاکستان

    ریاض ( ذکاء اللہ محسن )- - -  -پاکستان کا یوم آزادی پرجوش اور ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ہر چہرے پر آزادی کے دن کی چمک اور دل میں وطن سے محبت کا جذبہ بیدار نظر آیا۔ سفارت خانہ پاکستان میں یوم پاکستان کو منانے کے لئے بڑی تقریب منعقد ہوئی جس میں قومی پرچم کشائی بھی کی گئی۔سینکڑوں کی تعداد میں مردو خواتین اور بچے سفارت خانہ پہنچے۔ مردو خواتین کا جوش و جذبہ دیدنی تھا ۔بچوں اور بڑوں نے قومی پرچم جیسا لباس زیب تن کرکے وطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا تینوں مسلح افواج کے دستوں کے افسران اور جوانوں نے بھی بھرپور شرکت کی ایمبیسی کے افسران نے بھی کمیونٹی کے افراد کو جشن آزادی کی مبارکباد دی ۔ سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے پاکستان کا سبز قومی پرچم  قومی ترانے کی دھن پر فضا میں بلند کیا جیسے ہی پرچم فضا میں بلند ہوا تو فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی سینکڑوں افراد نے ملکر پاکستان اور آرمی کے حق میں نعرے لگائے چانسری ہال میں تقریب منعقد ہوئی جہاں پر سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دن ہماری تاریخ کا سب سے روشن اور خوشیوں کا دن ہے آج کے روز ہی پاکستان نے آزادی حاصل کی اور یہ سب کچھ  قائداعظم محمد علی جناح، علامہ اقبال اور دیگر قائدین کے علاوہ ان لاکھوں مسلمانوں کی انتھک جدوجہد کا نتیجہ ہے جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر ہمیں آزاد ملک اور آزاد فضاؤں میں زندگی گزارنے کا موقعہ دیا ہے آج کا دن انہی کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے آج کے روز ہمیں یہ عہد بھی کرنا ہے کہ جس جذبے کے ساتھ ہمارے بڑوں نے پاکستان بنایا تھا اسی جذبے کو اپنے اندر بیدار کریں گے اور پاکستان کو ترقی کی منازل تک لے کر جائیں گے اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نبرآزما ہونا ہے آج پاکستان کو قومی یکجہتی کی ضرورت ہے رنگ ونسل کے فرق کو مٹاکر اور تمام تر وابستگیوں سے بالاتر ہوکر پاکستان کو اقتصادی اور دفاعی طور پر مضبوط بنانے کی ضرورت ہے ملک میں نئے ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے اہم پیش رفت ہو رہی ہے ڈیمز ہماری اہم ترین ضرورت ہیں ہم زرعی ملک ہیں اس لئے ہماری زراعت کے فروغ کے لئے پانی ہماری اہم ضرورت ہے سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے نیشنل بنک میں ایک اکاؤنٹ کھولا جا رہا ہے جس میں تمام اوورسیرز پاکستانی اس میں لازمی طور پر حصہ ڈالیں تاکہ ہم اپنے زور بازو پر ڈیمز بنا سکیں پاکستان میں نئی حکومت جلد اقتدار سنبھال رہی ہے اس کے بعد پاک سعودی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے مزید اقدامات کیے جائیں گے کیونکہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے ہمیشہ سے برادرانہ اور مخلصانہ تعلقات رہے ہیں اس کے علاوہ ہم باقی دنیا کے ساتھ بھی بہتر اور دوستانہ تعلقات کے خواہاں ہیں میری دعا ہے کہ پاکستان اور اسکی عوام ہمیشہ خوش وخرم اور خوشیوں میں گھری رہیں اور پاکستان اقوام عالم میں بلند مقام حاصل کرے۔تقریب میں صدر ممنون حسین کا پیغام پولیٹکل قونصلر سردار خان خٹک نے  جبکہ قونصلر اورنگ زیب نے نگراں وزیراعظم ناصر الملک کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔
مزید پڑھیں:- - - -جازان اکنامک سٹی میں بجلی گیس منصوبہ

شیئر: