Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج کے سالانہ اجتماع سے دینی اورعلمی تعارف کا کام لیا جائے، وزیر حج

مکہ مکرمہ .... سعودی وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن نے بدھ کو مکہ مکرمہ میں سالانہ عظیم حج سیمینار کا افتتاح کردیا۔ اسے ”زمان و مکان کا اعزاز ...اطمینان و سکون کے ساتھ ادا کرنے کا اہتمام“کا عنوان دیا گیا ہے۔ اس میں مسلم ممالک کے 200ادیب، دانشور اور عالم شریک ہیں۔ آج جمعرات کو اسکا اختتامی اجلاس ہوگا۔ وزیر حج نے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیمینار کا مقصد اسلام کی پاکیزہ قدروں کا پرچار اور امت مسلمہ کے فرزندوں کے درمیان رابطوں کو مضبوط و مستحکم بنانا ہے۔ سعودی عرب اعتدال، میانہ روی اور امن پسندی کے حوالے سے اسلامی اقدار کی تقویت کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماء، دانشور اور ادیب حج کے سالانہ اجتماع سے دینی او رعلمی تعارف کا مشن چلائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت حج سالانہ سیمینار منعقد کرکے حج پیغامات اور حج اقدار و روایات کو اجاگر کرنے کا اہتمام کرتی ہے۔ حج کے تمام کام ارض مقدس میں انجام دیئے جاتے ہیں۔ حج امن و سلامتی کے پرچار کا مرکزہے۔انہوں نے توجہ دلائی کہ حج سیمینار مسلمانوں کے درمیان الفت و مودت جیسے مقاصد راسخ کرنے کیلئے منعقد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ سعودی عرب کو حرمین شریفین او رامت مسلمہ کے حوالے سے اپنے فرائض کا احساس و ادراک ہے۔ مسجد الحرام انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ضیوف الرحمن فریضہ حج سے تزکیہ نفس ، امت کے پراگندہ شیرازے کو جمع کرنے، اسلامی اخوت اور امن کی قدریں راسخ کرنے کا کام لیں۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ مکہ مکرمہ میں حج موسم پر اس قسم کی کانفرنسوں کے انعقاد سے اسلام کی عالمی تصویر مستحکم ہوتی ہے۔ نائب وزیر حج ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے کہا کہ وزارت حج و عمرہ چاہتی ہے کہ سیمینار کے شرکاءحج اعمال میں معاون حقیقت پسندانہ عملی نظام تجویز کریں۔ سیمینار سے ام القریٰ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عبداللہ بافیل نے بھی خطاب کیا۔ علاوہ ازیں سربرآوردہ علماءبورڈ کے رکن اور مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ صالح بن حمید ، ماریطانیہ کے وزیراسلامی امور اور شریعت عدالتو ںکے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الحئی نے میانہ روی، اعتدال پسندی اور روا داری کو زندگی کے نظام کے طور پر اپنانے پر زور دیا۔ سعود ی عرب کے وزیراسلامی امور شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ اور انکی قیادت میں وزارت کی نمائندہ شخصیات نے بھی شرکت کی۔

شیئر: