Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیرالاسیلاب: 7لاکھ افراد کیمپوں میں پناہ گزیں،مرنیوالوں کی تعداد 370ہوگئی

نئی دہلی۔۔۔۔کیرالا میں بارش تھمنے سے لوگوں نے راحت کی سانس لی لیکن شدید بارش اور سیلاب نے لاکھوں افرادکو بے گھر کردیا اور سیکڑوں جانیں لے لیں۔ ریاست میں سیلاب سے بے گھرہونیوالے افراد کیلئے 5645راحت کیمپس قائم کئے گئے جہاں 724649افرادنے پناہ لے رکھی ہے  جبکہ 370افراد سیلاب کی نذر ہوچکے ہیں۔دوسری جانب کرناٹک کے ضلع کوڈاگو میں بھی سیلاب نے تباہی مچا رکھی ہے۔ وزیر اعلیٰ کمار سوامی نے بتایا کہ فوج اور بحریہ کے جوانوں اور مختلف ریاستوں کی امدادو راحت رسانی کی ٹیموں نے سیلاب میں پھنسے ہوئے  3500افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔دیگر اضلاع میں سیکڑوں افراد سیلاب میں پھنس کر رہ گئے ہیں جنہیں ہنگامی بنیادوں پر بچانے کا کام جاری ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گزشتہ دنوں  ہونیوالی بارش کی شدت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور آئندہ چنددنوں تک شدید بارش کا امکا ن نہیں۔کیرالا کے وزیر اعلیٰ پینارائی وجین نے بتایا کہ ہماری سب سے اہم کوشش لوگوں کی جان بچانا تھی۔ریاست کے مختلف اضلاع میں بارش اور سیلاب کا زور ٹوٹنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 1924ء کے بعد سیلاب سے ہونیوالی سب سے بڑی تباہی ہےلہذااس آفت کے عالم میں ہم ہر قسم کی امداد قبول کرینگے۔وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ سیلاب سے سب سے زیادہ الاپوجھا، ایرناکولم اور ترشور اضلاع متاثر ہوئے۔چینگنور، پانڈلم، تروللا اور پتھانام تھٹا ، ارناکول، الوا، انگمالی اور پاراووراضلاع میں لوگ گزشتہ 3دنوں سے بھوکے پیاسے سیلاب میں گھرے ہوئے ہیں۔الپ پوجھا میں بچاؤ و راحت رسانی کا کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے۔ مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سیکریٹری سیتا رام یچوری نے کہا کہ مرکز کی جانب سے دی جانیوالی500کروڑ روپے کی امداد ناکافی ہے۔ کیرالا کی حکومت نے سیلاب سے ہونیوالے نقصانات کا تخمینہ 19500کروڑ روپے لگایا ہے۔وزارت صحت و آباد کاری نے پیر کو ہنگامی بنیادوں پر 60ٹن دوائیں روانہ کیں۔ محکمہ ریلوے نے چادریں اور کمبل مہیا کئے ، ایئر انڈیا نے راحت رسانی کی اشیائی مفت کیرالا پہنچانے کی پیشکش کی۔مرکزی حکومت نے سیلاب میں مرنیوالوں کے لواحقین کیلئے فی کس 2لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50ہزار روپے بطور معاوضہ دینے کا فیصلہ کیا۔
مزید پڑھیں:- - - - -اب ڈاکیہ دروازے پر پہنچائیں گے بینک خدمات

شیئر: