Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر قانونی طور پر حج کرنے والوں کے خلاف مہم کامیاب رہی ، کرنل الشویرخ

منیٰ ..... حج ٹاسک فورس کے معاون ڈائریکٹر آپریشنز کرنل سامی الشویرخ نے کہا کہ حج پرمٹ کے سبب امسال غیر قانونی طور پر حج کرنے والوں کو بڑی حد تک کنٹرول کر لیا گیا ۔ غیر قانونی طور پر حج کےلئے آنے والوں کو بڑی تعداد میں لوٹا دیا گیا جس کے سبب مشاعر مقدسہ میں ڈیرہ ڈالنے کا کوئی واقعہ دیکھنے میں نہیں آیا ۔ الشویرخ نے سبق نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ امن نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے امسال غیر قانونی حج کرنے والوں کے حوالے سے جو حکمت عملی مرتب کی گئی تھی وہ انتہائی کامیاب رہی ۔ امن عامہ کی جانب سے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ کے داخلی راستوں کی مسلسل نگرانی اور حج پرمٹ کی جانچ کے عمل سے غیر قانونی طور پر حج کرنے والوں کی حوصلہ شکنی ہوئی جس کی وجہ سے ڈیرہ ڈالنے والے دکھائی نہیں دیئے ۔ کرنل الشویرخ نے مزید کہا کہ مکہ مکرمہ کے اطراف ریسٹ ہاﺅسسز اور غیر معروف راستوں کی بھی نگرانی کی گئی جہاں سے غیر قانونی طور پر حج کرنے والے مشاعر مقدسہ میں داخل ہوتے تھے ۔ تمام راستوں کو سیل کرکے وہاں سیکیورٹی اہلکاروں کو متعین کیا گیا علاوہ ازیں مشاعر مقدسہ میں امن عامہ کے اہلکاروں کو بھی متعین کیا گیا جنہیں فنگر پرنٹ اسکیننگ کی جدید ترین پورٹیبل آلات فراہم کئے گئے تھے جن کے ذریعے وہ مشاعر میں بھی حج پرمٹ کی چیکنگ کرتے رہے ۔ 

شیئر: