Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

العلا میں ماضی کے رمضان کی ’یادوں بھری راتوں کا دورہ‘

العلا کے قدیم قصبے کے دورے پر آنے والوں کے لیے گردشِ ایام پیچھے کی طرف دوڑنا شروع کر دیتی ہے اور اُنھیں یادوں کے اُس دور میں لے جاتی ہے جہاں رمضان المبارک کی راتوں کا تجربہ آج کے زمانے سے مختلف ہوا کرتا تھا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شام کی چہل قدمی کے دوران العلا کی کمیونِٹی کے مقامی راوی، یہاں کے قصبے کو دیکھنے کے لیے آنے والوں کو اُن کہانیوں، اُن مناظر اور اُن روایات کے بارے میں بتاتے ہیں جو رمضان کے مہینے میں ماضی میں یہاں کے رہنے والوں کا اوڑھنا بچھونا تھیں۔
مہمانوں کے گائیڈ یہاں آنے والوں پر اُن مقامی رسوم و رواج اور اُن سے تعلق رکھنے والی اقدار کی نمائندگی کرنے والے تصورات مثلاً، اتحاد، سماجی ہم آہنگی اور ایمان کی اہمیت اجاگر کرتے ہیں۔
اس قصبے کو دیکھنے کے لیے آنے والوں کو ماضی میں ہِلال کی رُویت کرنے والے اُس شخص کے گھر کا دورہ بھی کرایا جاتا ہے جو مغربی افق پہ باریک چاند کو دیکھ کر رمضان المبارک کے آغاز کی نوید دیا کرتا تھا۔
’ماضی کے رمضان کی یادوں بھری راتوں کا دورہ‘ العلا کے کیلینڈر کا حصہ ہے جو انٹرایکٹیو پروگراموں کی ایک سیریز پر مشتمل ہے جسے علاقے کی ثقافتی اور سماجی میراث کی نمائش کو ذہن میں رکھ کر ڈیزائن کیا گیا ہے۔

اِس سے یہاں آنے اور اِن پرانے مقامات کو دیکھنے والوں کا تجربہ لامحالہ پہلے سے بہتر اور بامعانی ہو جاتا ہے اور ایک ایسی جگہ پر جہاں اِن روایات کا حقیقی جنم ہوا تھا، ماضی میں رمضان کی آمد اور اِس سے وابستہ یادوں کو نئے سرے سے تازہ کر دیتا ہے۔

شیئر: