کرسٹیانو رونالڈو سعودی عرب میں موجود ہیں، ذرائع کی تصدیق
بدھ 4 مارچ 2026 11:06
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ذرائع نے عرب نیوز کو تصدیق کی ہے کہ پرتگالی فٹبالر اور النصر کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو سعودی عرب میں موجود ہیں۔
مشرقِ وسطیٰ میں امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھنے کے دوران متضاد اطلاعات سامنے آ رہی تھیں جن میں یہ خبر بھی شامل تھی کہ رونالڈو سعودی عرب سے روانہ ہو گئے ہیں۔
النصر کلب نے ایکس پر منگل کی شب ٹیم کے ٹریننگ سیشن کی تصاویر جاری کیں، جن میں رونالڈو بھی دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ پریکٹس کرتے نظر آئے۔
اس سے قبل سوشل میڈیا کے بعض اکاؤنٹس اور چند میڈیا اداروں نے دعویٰ کیا تھا کہ رونالڈو کا نجی طیارہ پیر کی رات میڈرڈ کے لیے روانہ ہو گیا ہے۔ تاہم بعد میں واضح ہوا کہ یہ اطلاعات درست نہیں تھیں۔