Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب دہشتگردی کی بیخ کنی کرتا رہےگا، شاہ سلمان

منیٰ..... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں مسلمانوں کا قبلہ اوررسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی مسجد مبارک ہے۔ یہی وجہ ہے کہ علاقائی اور عالمی سطح پر اس ملک کی ایک خاص حیثیت ہے۔ اسکی بناءپر سعودی عرب دہشتگردی کی بیخ کنی کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔ اسلام کے ا عتدال پسند نظریات اور روا داری کی تعلیم کو پوری دنیا میں عام کرتا رہیگا۔ وہ حج مشنوں کے سربراہوں کے اعزاز میں منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ قصر منیٰ میں منعقد ہونے والی تقریب میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، شاہی خاندان کے افراد، وزراءاورحج منصوبے پر کام کرنے والے ادارو ںکے سربراہان بھی موجود تھے۔ اپنے خطاب کے آغاز میں شاہ سلمان نے تمام حاضرین کو ارض مقدس میں خوش آمدید کہتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے قبولیت حج کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اس ملک کو حرمین شریفین اور ضیوف الرحمن کی خدمت کا موقع دیا ہے۔ بانی مملکت شاہ عبدالعزیز کے دور سے لیکر آج تک سعودی حکومت ، حرمین شریفین اور ضیوف الرحمن کی خدمت کو ترجیح اول سمجھتی ہے۔ سعودی عرب عالم اسلام کا دل ہے۔ وہ اعتدال پسند اسلام کی ترجمانی کرتا رہیگا۔ دہشتگردی اور انتہا پسندی کی ہر شکل کے خاتمے کیلئے سعودی عرب اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ دوسری جانب تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ، حج مشنوں کے سربراہان اور امت مسلمہ کو عید الاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر اور احسان ہے کہ جس نے حاجیوں کو مناسک حج کی ادائیگی کی توفیق عطا فرمائی۔ حج منصوبہ انتہائی کامیاب رہا۔ تمام سول اور عسکری اداروں نے حجاج کرام کی خدمت دل و جان سے کی۔ انہوں نے کہاکہ اس ملک کو یہ فخر حاصل ہے کہ اس نے گزشتہ 10سال کے دوران 150ملین معتمر کی میزبانی کی ہے۔ جن کا تعلق 100 مختلف ممالک سے تھا۔ امسال معتمرین کی تعداد میں 7ملین کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔20لاکھ سے زیادہ مسلمانوں نے فریضہ حج کی سعادت حاصل کی۔ ان تمام افراد کو حکومت نے ہر قسم کی سہولت فراہم کی۔ حجاج کی خدمت ہمارے لئے فخر و اعزاز کی بات ہے۔ دریں اثناءرابطہ عالم اسلامی کے جنرل سیکریٹری شیخ ڈاکٹر محمد عبدالکریم العیسیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کے خلا ف بلند ہونے والے نعروں کا عقل و منطق سے جواب دینا ضروری ہے۔ اسلام خیر کا داعی ہے۔ یہ امن و سلامتی کا علمبردار ہے۔ دنیا کو اسلام کی حقیقی روح پہنچانی ہے۔ رابطہ عالم اسلامی سعودی حکومت کی نگرانی میں دہشتگردی و انتہا پسندی کے خلاف کام کرتا رہا ہے۔ ہم حق اور دلیل کی بنیاد پر دنیا کو اسلام کی حقانیت واضح کرتے رہیں گے۔ حج مشنوں کے سربراہوں کی نمائندگی کرتے ہوئے ترکی کے دینی امور کے سربراہ ڈاکٹر علی ارباش نے خطاب کرتے ہوئے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو رجب طیب اردگان کی جانب سے عید الاضحی کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی نگرانی میں حجاج نے انتہائی آسانی اور شاندار طریقہ سے حج کے مناسک ادا کئے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ حجاج کا حج قبول فرمائے اور انہیں بخیر و عافیت اپنے وطن واپس لیجائے۔ حرمین شریفین کی توسیع اور حجاج کو پیش کی جانے والی خدمات اس بات کی گواہ ہیں کہ سعودی حکومت حج و عمرہ کو آسان سے آسان تر بنانے میں کس قدر سنجیدہ ہے۔ امت مسلمہ کو اس وقت سب سے زیادہ اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔ حج ایسا موقع ہے جو امت کے تمام افراد کو متحد کرتا ہے۔ یہی روح تمام ممالک میں منتقل کرنی ہے۔ امت مسلمہ ایک ہی امت اور جسد واحد کی مانند ہے۔ تقریب میں گورنر مکہ مکرمہ شہزاد ہ خالد الفیصل ، وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف اور شاہی خاندان کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔ بعدازاں شاہ سلمان بن عبدالعزیز حج منصوبے کی نگرانی اور پیش کی جانے والی خدمات پر اطمینان حاصل کرنے کے بعدجدہ روانہ ہوگئے۔

شیئر: