Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسلمانوں سے شدید نفرت کرنے والا رب کے فضل سے داعی بن گیا

مکہ مکرمہ ..... شاہی مہمانوں میں شامل آسٹریلیا کے نو مسلم عیسیٰ کو 2004 سے قبل یہ علم نہیں تھاکہ مسلمانوں سے شدید نفرت کرنے والا ایک دن خود اسلام کا داعی بن جائے گا ۔ سابق گیریگیری میکنتوش حالیہ عیسیٰ نے سبق نیوز کو بتایا کہ وہ ایک انتہاءپسند عیسائی تھا اسے مسلمانوں سے نفرت تھی اسکی خواہش تھی کہ کسی مسلمان کو قتل کر وں ۔ اسی نفرت اور تعصب میں شب و روز گزرتے گئے اور معلوم نہیں کس طرح وہ اسلام کے قریب آگیا ۔ عیسی کا کہنا تھا کہ ایک دن اس سے کسی نے سوال کیا کہ تم اسلام اور مسلمانوں سے نفرت کیوں کرتے ہو؟ اس کا جواب اسکے پاس نہیں تھا جس پر اسکے مخالف نے کہا کہ مسلمان تو حضرت عیسی علیہ السلام کو بھی مانتے ہیں اور قرآن کریم میں تو ایک پوری سورة حضرت مریم علیھا السلام پر ہے ۔ عیسی کا کہنا تھا کہ جب اسے یہ معلوم ہوا تو اس نے سورة مریم کا ترجمہ پڑھا جس پر اسکے دل و دماغ پر چھایا اندھیرا چھٹ گیا اور اس کے منفی جذبات ایک دم تبدیل ہوگئے ۔ اس دن کے بعد سے اسلام کے بارے میں مزید جاننے کی خواہش ابھرنے لگی ۔ نومسلم عیسی نے مزید بتایا کہ اسی سوچ میں ایک دن ایک ایسے گروہ کے پاس جا پہنچا جن کے بارے میں مجھے بعد میں علم ہوا کہ وہ انتہاءپسند تھے میں نے ان سے کہا کہ مجھے اسلام کے بارے میں بتائیں جس پر انہو ںنے کہا کہ اسلام میں داخل ہونے سے قبل دیگر مذاہب سے نفرت لازمی ہے ۔ انکے جواب نے مجھے حیران کر دیا جسے دل تسلیم نہیں کرتا تھا کیونکہ میں سورة مریم کا مطالعہ کر چکا تھا میں نے کہا تم حقیقی اسلام کے پیروکار نہیں اور میں تمہارے عقیدے سے دور ہی اچھا ہوا کیونکہ اصل اسلام کو سلامتی اور اخوت کا مذہب ہے نفرت اور عداوت کا نہیں ۔عیسی نے اس کے بعد قرآن شریف کے ترجمے کا مطالعہ کیا جیسے جیسے وہ پڑھتا گیا اس پر روشنی کے باب کھلتے گئے ا ور ایک دن اس نے مسلمان ہونے کا اعلان کر دیا ۔ عیسی دوسری بار فریضہ حج کی ادائیگی کےلئے آیا ہے اس کا کہنا ہے کہ یہاں آکرجو قلبی سکون ملتا ہے وہ کہیں اور نہیں میری خواہش ہے کہ بار بار ارض مقدس آﺅں ۔ 

شیئر: