ریاض.... سعودی محکمہ پاسپورٹ نے دنیا بھر سے آنےوالے حجاج کرام کو حج کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ وہ ہوائی جہازوں، سمندری راستوںاور بسوں و گاڑیوں سے واپسی کی تاریخوں کی پابندی کریں۔ محکمہ پاسپورٹ کے ترجمان بدر القرینی نے اتوار کو اس حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پاسپورٹ نے جس طرح ضیوف الرحمن کو ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پر آمد کے وقت خوش آمدید کہا تھا اسی طرح اب واپس جانے والے انہیں انتہائی خوش اسلوبی سے رخصت کیا جائیگا۔ محکمے نے ا میگریشن کی کارروائی کیلئے مطلوب افرادی قوت اور مشینیں فراہم کردی ہیں۔ القرینی نے حجاج کرام سے کہا کہ ہر حاجی واپسی کی تاریخ کی پابندی کرے۔ مقررہ تاریخ کے بعد سعودی عرب میں قیام نہ کرے۔ ہر حاجی کی واپسی کی تاریخ ویزے میں تحریر ہے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ سعودی قوانین کے بموجب کوئی بھی شخص ویزے کی تاریخ ختم ہونے کے بعدمملکت میں قیام کا مجاز نہیں۔ جو شخص بھی آخری تاریخ کے بعد یہاں قیام کریگا وہ قانونی قیام کا مخالف مانا جائیگا۔ اس پر باقاعدہ سزائیں مقرر ہیں۔ القرینی نے یہ بھی واضح کیا کہ کوئی بھی حاجی یا معتمر یا زائرمملکت میں محنتانے یا بغیر اجرت کے ملازمت کا مجاز نہیں۔ ورک پرمٹ کے بغیر کسی کو بھی ملازمت کی اجازت نہیں۔ اسی طرح حجاج کرام کو مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جدہ کے سوا کسی اور شہر، قصبے اور بستی جانے کی اجازت نہیں ہے۔ کوئی بھی سعودی شہری یا مقیم غیر ملکی کسی بھی حاجی کو حج ویزے کی میعاد ختم ہونے کے بعد اپنے یہاں رہائش فراہم کرنے یا روزگار دینے یا اس کے غیر قانونی قیام کو چھپانے یا کسی بھی طرح اس کی مدد کرنے کا مجاز نہیں جوشخص بھی ان پابندیوں کو پامال کریگا اسے جرمانے اور قید کی سزا ہوگی۔