مری میں حادثے کے بعد سکول وین میں آگ لگ گئی، 11 بچے زخمی
واقعہ منگل کی صبح بڑا ہوتر لنک روڈ پر آلوچ موڑ کے قریب پیش آیا (فوٹو: ریسکیو 1122)
راولپنڈی کی تحصیل اور مشہور سیاحتی مقام مری میں سکول کے بچوں کو لے جانے والی گاڑی سڑک سے نیچے گرنے اور اس میں آگ لگنے کے نتیجے میں 11 بچے زخمی ہو گئے۔
واقعہ منگل کی صبح بڑا ہوتر لنک روڈ پر آلوچ موڑ کے قریب اس وقت پیش آیا جب بچے گاڑی میں سکول جا رہے تھے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور بچوں کو نکال کر مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ 11 بچوں کو ہسپتال پہنچایا گیا جن میں سے آٹھ بچوں کی حالت بہتر ہے۔
زیادہ جھلسنے کے بعد تین بچوں کو مزید علاج کے لیے ہولی فیملی ہسپتال اسلام آباد ریفر کیا گیا جن کے نام ارحم، طالب اور عائشہ بتائے گئے ہیں۔
ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا نے ٹی ایچ کیو ہسپتال جا کر بچوں کی عیادت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ زخمی بچوں کو ممکنہ بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ بچوں کو مزید علاج کے لیے ریفر کیا گیا ہے ان کے علاج کے حوالے سے بھی مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔