عمران خان پہلا دورہ سعودی عرب کا کرینگے،دفتر خارجہ
جمعرات 13 ستمبر 2018 3:00
اسلام آباد... ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کا پہلا دورہ کرینگے تاہم ابھی تاریخوں کا تعین نہیں کیا گیا ۔ پاکستان نے سی ، پیک سے متعلق چین کے ساتھ ازسرنومعاہدوں کی تجدید کو مکمل طور پر مسترد کرچکا ہے۔ ان معاہدوں پر کوئی نظر ثانی نہیں ہورہی ہے۔ دفترخارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفترخا رجہ نے کہاکہ پاک، چین اقتصادی راہداری منصوبہ سے متعلق چین کے ساتھ ازسرنو معاہدوں کی تجدید کو مکمل طور پر مسترد کرچکے ہیں۔پاکستان ان معاہدوں پر کوئی نظر ثانی نہیں کررہا۔دونوں ممالک کے مابین معاہد ے کے متعلق کوئی نئی پیش رفت نہیں ۔ ہندکے ساتھ تعلقات کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ امریکہ ، ہند مشترکہ اعلامیہ قبول نہیں۔ الزامات کے حوالے سے پاکستان نے واشنگٹن کو تحفظات سے آ گاہ کر دیا۔ہمسایہ ملک ہندکیساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔انہوںنے کہا کہ پاکستان نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پو مپیوکے دورے کا خیر مقدم کیا۔ امریکی وزیر خارجہ کے دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال ہوا۔انہوںنے کہا کہ پاک ، امریکہ باہمی معاملات مختلف موضوعات پر مذاکرات کا تسلسل ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران امریکی ہم منصب سے بھی ملاقات کرینگے۔جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران سائیڈ لائن ملاقاتوں کے حوالے سے ابھی کچھ طے نہیں ہوا۔افغانستان سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان، افغان مسئلے کا حل افغانستان کے لوگوں کے ہاتھوں تلاش کرنے کی حمایت کرتا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ بحرین میں ویزاکی سختی صرف پاکستان نہیں، دیگر کئی ممالک کے ساتھ کی گئی ہے۔