Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں منع کرنے کے باوجود پروٹوکول دیا گیا‘ صدر مملکت

کراچی:  صدر مملکت کے کراچی پہنچنے کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر ایک مرتبہ پھر پروٹوکول کے حوالے سے بحث مباحثے شروع ہو گئے۔ اس حوالے سے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے وضاحت کی ہے کہ ائرپورٹ پر ان کے منع کئے جانے کے باوجود پروٹوکول دیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر علوی گزشتہ روز اسلام آباد سے کراچی پہنچے تھے ، اس موقع پر انہیں مکمل وی آئی پی پروٹوکول دیا گیا تھا۔ ان کے قافلے میں 2 درجن سے زائد گاڑیاں شامل تھیں اور کئی اہم شاہراہوں کو بند کردیا گیا تھا۔ جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔سوشل میڈیا پر شدید تنقید کے بعد صدر مملکت عارف علوی نے ٹوئٹر پر وضاحت دی ہے ، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ یہ درست ہے کہ کراچی ائرپورٹ پر ان کے ہمراہ کئی گاڑیاں تھیں، حالانکہ میں نے حکام سے کہا تھا کہ مجھے عوام کے سامنے رسوا نہ کیجیے۔  میرے ساتھ سیکورٹی تناظر کی حد تک ہی گاڑیاں رکھی جائیں۔اپنی رہائش گاہ کے باہر موجود پولیس اہلکاروں کی موجودگی اور پولیس کی جانب سے گھر کے اطراف ہوٹلوں کی بندش کے حوالے سے صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں اس حوالے سے بھی کام کرنے کی ضرورت ہے ، میں اپنے ان پڑوسیوں کے لیے اذیت کا باعث نہیں بننا چاہتا جن کے ساتھ میں نے ساری عمر گزاری ہے ۔ میں سیکورٹی کو تو نہیں چھوڑ سکتا لیکن جب یہ عام شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بنی تو ہمیں اس کی ایک حد مقرر کرنا ہوگی۔

شیئر: